غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور تعمیر نو کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کے خلاف عرب ممالک نے مصر کے منصوبے کی حمایت کردی ہے۔
فلسطین کے مسئلے پر مصر کے شہر قاہرہ میں ہونے والے عرب ممالک کے اہم اجلاس میں متفقہ طور پر غزہ کی بحالی سے متعلق مصر کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔
یہ بھی پڑھیے: مصر، اردن کا فلسطینیوں کو بے دخل کیے بغیر غزہ کی تعمیر نو پر اتفاق
اس منصوبے کے مطابق جنگ کے بعد غزہ کی تعمیر نو کا تخمینہ 53 ارب ڈالر لگایا گیا ہے اور اس منصوبے کے تحت غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔
عرب ممالک کے سربراہان نے اس موقع پر خبردار کیا کہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے جبری طور پر بے دخل کرنے کی کوئی کوشش خطے میں ایک نئے تنازعے کا باعث بنے گی اور استحکام کے امکانات کو ختم کرے گی۔
یہ بھی پڑھیے: غزہ کی تعمیر نو پر کتنی لاگت آئے گی اور یہ کتنے برسوں میں مکمل ہوگی؟
اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی بحالی کے لیے تمام ڈونر ممالک اور اداروں سے فنڈز لیے جائیں گے، اس کے ساتھ ساتھ جدہ میں 7 مارچ کو ہونے والے آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) کے اجلاس میں بھی اس منصوبے کو پیش کیا جائے گا تاکہ اسے عرب ممالک کے ساتھ ساتھ اسلامی ممالک کی بھی حمایت حاصل ہو۔
اجلاس میں پیش ہونے والے اس منصوبے کو اسرائیل نے مسترد کردیا ہے جبکہ حماس نے اسے خوش آئند قرار دیا۔ دوسری طرف وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ عرب ممالک کا یہ منصوبہ غزہ کی زمینی حقائق کے مطابق نہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب بھی اپنے موقف پر قائم ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ٹرمپ کے غزہ پر قبضے اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے بیان کو عالمی طور پر شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ کئی ممالک نے اس منصوبے کو فلسطین میں تنازع کو ہوا دینے کے مترادف قرار دے کر مسترد کیا۔