وی نیوز کے پروگرام ’نیک لوگ ‘میں تینت مدبر نے شرکت کی، جو رفاعی کام سے منسلک ہیں، تینت مدبر سوشل ورک کے حوالے سے بتاتی ہیں کہ ہم نے اک ادارہ ’کاروانِ مدبر ‘کے نام سے بنایا، جس کے تحت ہم غریب، نادار اور ایسے بچے جو کباڑ کا کام کرتے ہیں، انہیں پڑھاتے ہیں، تاکہ وہ بھی معاشرے میں آگے بڑھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں جب 18 سال کی تھی تو میری شادی ہوگئی تھی، اور جب 21 سال کی تھی تو میرے شوہر ایک حادثے میں انتقال کرگئے تھے، جب میرے شوہر کا انتقال ہوا تو میں نے معاشرے کے غریب بچوں کو اپنایا، اور کاروانِ مدبر ادارے کے تحت بچوں کو پڑھانا شروع کیا۔
انہوں نے کہاکہ کاروان مدبر کا آغاز 2021 میں کیا، تب سے آج تک یہ رفاعی کام کررہا ہے، شروع میں ہمارے پاس ایک گاڑی تھی، جس کی ڈیگی میں چٹائی رکھ کر پارک میں صرف 3 بچوں کو پڑھانا شروع کیا، اور آہستہ آہستہ لوگ ملتے گئے، کارواں بڑھتا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اب الحمداللہ ہمارے پاس تقریباً 50 بچے پڑھتے ہیں، اب ہمارے پاس پراپر سیٹ اپ ہے، دوست ہیں جو مل کر رضاکارانہ طور پر یہ کام کررہے ہیں۔