وزیرخارجہ اسحاق ڈار اپریل میں بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے

بدھ 5 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار اپریل میں بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے۔

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق پاکستان کے ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ برائے ایشیا پیسفک عمران احمد صدیقی اپنے وزیر خارجہ کے آئندہ ڈھاکہ دورے کی تیاریوں کے ایک حصے کے طور پر ڈھاکہ پہنچے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی تجارتی وفد کا12 سال بعد دورہ بنگلہ دیش، تعلقات مزید گہرے کرنے پر اتفاق

عمران احمد صدیقی نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے سیکریٹری خارجہ محمد جشم الدین سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ایک خط بنگلہ دیش کے سیکریٹری خارجہ کے حوالے کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان بنگلہ دیش تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جو باہمی احترام اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔ انہوں نے تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور تعاون کو مزید بڑھانے میں مصروف رہنے پر اتفاق کیا۔ پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے آئندہ دورہ بنگلہ دیش پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی وزیر خارجہ کا 12 سال بعد دورہ بنگلہ دیش، کیا توقعات وابستہ ہیں؟

جناب محبوب الرحمٰن، سیکریٹری کامرس کے ساتھ اپنی ملاقات میں، دونوں فریقین نے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا، بڑھتی ہوئی رفتار کو تسلیم کیا اور مزید وسعت کے امکانات کا جائزہ لیا۔

سفیر صدیقی نے ثقافتی تعاون کی راہیں تلاش کرنے کے لیے وزارت ثقافتی امور کے سیکریٹری جناب عطاالرحمٰن سے بھی ملاقات کی، جس میں موسیقی، سینما، ڈرامہ، نوجوانوں کے تبادلے اور عوام کے درمیان رابطے شامل ہیں۔ فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی تجارتی وفد کی چٹاکانگ میں بنگلہ دیشی تاجروں سے ملاقات، دو طرفہ تجارت بڑھانے پر اتفاق

وزارت داخلہ کے سینئر سیکریٹری جناب نسیم الغنی کے ساتھ ملاقات میں دونوں فریقین نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سفر کی آسانی پر اطمینان کا اظہار کیا اور دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp