رانا ثنااللہ کی امریکی پولیٹیکل قونصلر سے ملاقات، انتہائی مطلوب دہشتگرد کی گرفتاری بڑی کامیابی قرار

جمعہ 7 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثنا اللہ خان نے امریکی سفارتخانے کے پولیٹیکل قونصلر زیک ہارکنرائیڈر سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون، علاقائی سلامتی اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے امریکا کو مطلوب دہشتگرد کیسے پکڑا؟

ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ امریکا تاریخی طور پر پاکستان کا اسٹریٹجک پارٹنر رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

پاکستانی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے لیے انتہائی مطلوب دہشت گرد کی حالیہ گرفتاری کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا گیا جو دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور عوام کی بے شمار قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

مزید پڑھیے: پاکستان میں دراندازی کا سلسلہ جاری، دہشتگردی میں ملوث ایک اور ہلاک افغان دہشتگرد کی شناخت

خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان نے ہمیشہ امریکا کے ساتھ تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

مزید برآں اس امر کی نشاندہی کی گئی کہ پاکستان کی معیشت اور خارجہ تعلقات مستحکم ہو رہے ہیں اور ملک، امریکا کے ساتھ عوامی روابط پر مبنی خوشگوار تعلقات قائم کرنے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے باہمی مفادات کو فروغ دیا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp