بالی ووڈ سپر اسٹار ہریتک روشن کے باپ نے بیٹے کی فلم ’کرش 4‘ کی ہدایت کاری سے انکار کیوں کیا؟

پیر 17 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کے سابق اداکار اور ہدایتکار و پروڈیوسر راکیش روشن نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ’کرش 4‘ کی ہدایت کاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں ان کے بیٹے اور بالی وڈ سپر اسٹار ہریتک روشن مرکزی کردار ادا کریں گے۔

ایک انٹرویو میں راکیش روشن نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ وہ یہ ذمہ داری کسی اور کو سونپ دیں۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ بہتر ہے کہ میں یہ کام اس وقت کروں جب میں مکمل طور پر ہوش و حواس میں ہوں تاکہ میں پورے عمل کو نظر میں رکھ سکوں اور یہ دیکھ سکوں کہ آیا صحیح طریقے سے کام ہو رہا ہے یا نہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان، شاہ رخ اور عامر خان کا جاں نشین کون ہوگا؟ امیشا پٹیل نے سب بتادیا

انہوں نے کہا کہ ’کل کو اگر میں اپنے حواس میں نہ ہوں اور مجھے یہ کام سونپنا پڑے تو مجھے نہیں پتا ہوگا کہ وہ کیا بنا رہے ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ہدایت کاری میں اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں کہ فلم سپر ہٹ ہو۔

مختلف بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ ہدایت کار سدھارتھ آنند کی پروڈکشن کمپنی مارفلیکس نے اس پراجیکٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کی وجہ فلم کا بجٹ ہے جو 700 کروڑ روپے کے قریب بتایا جا رہا ہے اس وجہ سے اسٹوڈیوز فلم کو پروڈیوس کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کر رہے ہیں۔  کیونکہ کرش 3 کی ریلیز کو ایک دہائی سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہانیہ عامر کی بالی ووڈ میں دبنگ انٹری کا دیپیکا پڈوکون سے کیا تعلق ہے؟

ذرائع کے مطابق ہریتک اور راکیش روشن نے ایک ملاقات کی جس میں انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ بھارت بھر میں اسٹوڈیوز سے ذاتی طور پر بات کریں گے اور اس فلم کے لیے ایک منافع بخش معاہدہ کریں گے۔

یاد رہے کہ ’کرش 4‘ فرنچائز کی چوتھی فلم ہوگی، پہلی فلم ’کوئی مل گیا‘ 2003 میں ریلیز ہوئی۔ ’کرش‘  2006 میں ریلیز ہوئی اور اس کا شمار کامیاب ترین فلموں میں  ہوتا ہے جبکہ  ’کرش 3‘ نے 2013 میں ریلیز ہوکر ایک بار پھر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp