ٹی20 کرکٹ میں پاکستان کو سب سے بڑی شکست، نیوزی لینڈ نے چوتھا میچ 115 رنز سے جیت لیا

اتوار 23 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹی20 سیریز میں پاکستان کو میزبان ٹیم نیوزی لینڈ سے چوتھے میچ میں بھی شکست ہوئی ہے جس کے بعد پاکستان 5 میچز پر مبنی یہ ٹی20 سیریزبھی ہار گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 221 رنز کا ہدف دے دیا تاہم پاکستان 16 اوورز میں محض 105 رنز بناکر آل آوٹ ہوگیا جس کے بعد نیوزی لینڈ کو فتح حاصل ہوئی۔

پاکستان کی بیٹنگ

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ پہلے ہی اوور میں اس وقت گری جب اوپننگ بلے باز محمد حارث ول اورورکی کے بال پر 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ جلد ہی حسن نواز بھی صرف ایک رن بناکر جیکب ڈفی کے بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کو بھی جیکب ڈفی نے تیسرے اوور میں آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا جبکہ شاداب خان محض ایک رن بناکر زکرے فولکس کے بال پر بولڈ ہوگئے۔

پاکستان کے عرفان خان کو ڈفی، خوشدل شاہ کو فولکس، عباس آفریدی کو جیمی نشم اور شاہین شاہ آفریدی کو بھی فولکس نے آؤٹ کیا۔

میچ کے آخر میں حارث روف کو ڈفی نے جبکہ ابرار احمد کو اش سوڈھی نے آؤٹ کرکے چوتھا ٹی20 کے ساتھ ساتھ سیریز بھی اپنے نام کرلیا۔

یہ بھی پڑھیے: ٹی20 کرکٹ: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہرا کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ

اس سے پہلے کیویز نے میچ کا آغاز پاکستان کے خلاف جارحانہ بیٹنگ سے کیا تاہم اوپنر بلے باز ٹم سیفرٹ 59 کے مجموعی اسکور پر 44 رنز بناکر حارث روف کے بال پر کیچ آوٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ بھی حارث روف کے حصے میں آئی جب انہوں نے مارک چیپمین کو 108 کے مجموعی اسکور پر بولڈ کردیا جبکہ تیسری وکٹ عباس آفریدی نے حاصل کی جنہوں نے فن ایلن کو نصف سنچری مکمل ہونے کے بعد کیچ آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کے جمی نیشم محض 3 رنز بناکر ابرار احمد کے بال پر کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے تو جلد ہی مچ ہے بھی ابرار احمد کے ہی بال پر آؤٹ ہوگئے۔

20 اوورز کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز کا ہدف دے دیا۔

نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کی وکٹ بھی حارث روف کے حصے میں آئی جو 23 بالز پر 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے: نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شامل قومی ٹیم کے کھلاڑی دبئی روانہ

یہ میچ نیوزی لینڈ کے شہر ماؤنٹ مونگنی میں کھیلا جارہا ہے۔ ٹاس جیتتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے بتایا کہ اس میچ کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کیلی جیمیسن اور بین سیئرز کی جگہ وِل اورورکی اور جیکب ڈفی کو شامل کیا گیا۔

پاکستان

قومی ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کررہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حارث، حسن نواز، محمد عرفان خان، شاداب خان، عبدالصمد، خوشدل شاہ، محمد عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور حارث رؤف شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ مائیکل بریس ویل (کپتان)، ٹم سیفرٹ، فن ایلن، مارک چیپمین، ڈیرل مچل، جمی نیشم، مچ ہے، اش سوڈھی، زکرے فولکس، جیکب ڈفی اور ول اورورکی پر مشتمل ہے۔

واضح رہے کہ اس سیریز میں نیوزی لینڈ کو اب تک پاکستان پر 2-1 کی برتری حاصل ہے۔

اس سے قبل پاکستان  نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسرے ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے 205 رنز کا ہدف 4 اوورز پہلے ہی ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اس شاندار میچ میں پاکستان کی طرف سے خاص بات حسن نوازکی تیز ترین سینچری تھی جو انہوں نے صرف 44 گیندوں پر اسکور کی۔ ٹی20 کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے یہ تیز ترین سینچری تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp