پاکستانی یوٹیوبر اور وی لاگر رجب بٹ کے خلاف لاہور میں مقدمہ درج کیا گیا جس کی ایف آئی آر میں پیکا ایکٹ اور مذہبی جذبات مجروح کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انھوں نے اپنے بیانات سے دفعہ 295 اے اور 295 سی کی توہین کی ہے۔
اس تنازعے کے بعد رجب بٹ عمرہ کرنے مکہ مکرمہ پہنچے اور خانہ کعبہ کے سامنے کھڑے ہو کر ویڈیو بنائی جس میں انہیں حالتِ احرام میں معافی مانگتے ہوئے دیکھا گیا جس پر ساتھی یوٹیوبرز ان کے حق میں سامنے آ گئے۔
معروف یو ٹیوبر ڈکی بھائی نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رجب بٹ نے اسلام کے خلاف کچھ نہیں کہا ان پر جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں کہ وہ بیرون ملک چلا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’میں نے کچھ بھی جان بوجھ کر نہیں کیا‘، یو ٹیوبر رجب بٹ نے خانہ کعبہ کے سامنے معافی مانگ لی
ان کا کہنا تھا کہ جعلی اسلامی کارڈ محض ڈرامے بازی ہے، جو لوگ رجب بٹ کو قتل کرنے کا ٹرینڈ چلا رہے ہیں یہ عاشق رسول ﷺ نہیں ہیں۔ ڈکی بھائی نے کہا کہ اسلام ہمیں شائستگی کا درس دیتا ہے، اسلام میں ایسا کہیں نہیں لکھا کہ آپ الزام لگا کے دوسرے شخص کی زندگی تباہ کر دیں۔
ڈکی بھائی نے مزید کہا کہ اللہ نے رجب بٹ کو شاید اتنا گناہ نہ دیا ہو جتنا لوگوں نے ان کو دے دیا ہے۔ انہوں نے رجب بٹ کے اظہار یکجہتی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں ایسی کوئی نوبت ہی نہ آئے کہ آپ کو پاکستان میں ڈر کر رہنا پڑے یا بیرون ملک منتقل ہونا پڑے۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ رجب بٹ نے اپنے بیانات پر خانہ کعبہ کے سامنے کھڑے ہو کر کہا تھا کہ ’میری جان، مال، والدین، اولاد اور خون کا ایک ایک قطرہ نبی پاک ﷺ پر قربان ہے۔ میں حلف لے کر کہتا ہوں کہ میں نے کچھ بھی جان بوجھ کر نہیں کیا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھ سے جو بھی لا علمی میں ہوا اس کے لیے پہلے بھی معذرت کی تھی اور ایک بار پھر آپ سب سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتا ہوں کہ اپنے دلوں کو میرے لیے صاف کر لیں‘۔
رجب بٹ نے کہا کہ ’میری تمام علمائے کرام، حکومت پنجاب اور پاک فوج سے گزارش ہے کہ اس معاملے پر نظر ثانی کی جائے اور مجھے انصاف دلوایا جائے‘۔
یہ بھی پڑھیں: ویل چیئر پر عمرہ کیوں کیا؟ صارفین کی رجب بٹ پر تنقید
انہوں نے مزید کہا کہ ’جس نمبر کی دفع مجھ پر لگائی جا رہی ہے میں نے اپنے وی لاگ میں بھی بتایا تھا کہ 295 مجھ پر جھوٹی لگائی گئی ہے لیکن جھوٹا لفظ کاٹ کر دو 295 پر فتویٰ دے دیا گیا، لیکن میں پھر بھی اس پاک جگہ پر کھڑا ہو کر سب سے معذرت کرتا ہوں‘۔
واضح رہے کہ مشہور یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور دفعہ 295 سی کی مبینہ توہین کے الزام میں تھانہ نشتر کالونی لاہور میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق شہری نے رجب بٹ پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اپنی ایک ویڈیو میں ان کے مذہبی جذبات اور توہین مذہب سے متعلق تعزیراتِ پاکستان کے دفعہ 295 سی کے تقدس کو پامال کیا ہے۔
رجب بٹ پاکستان کے ایک مشہور یوٹیوبر ہیں، ان کے یوٹیوب پر 60 لاکھ سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں۔