وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ذاتی خواہشات ختم کرکے دہشتگردی کے خلاف سب کو متحد ہونا وقت کا تقاضا ہے۔
اسلام آباد میں ’رب ذوالجلال کا احسان پاکستان‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے معاشی و معاشرتی اور دہشتگردی کے مسائل کو حل کرنا ہوگا، دہشتگردی کے خلاف ہم سب کو متحد ہونا ہوگا، اتحاد و اتفاق سے ہی دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: 34.5 ارب روپے کی ریکوری، وزیراعظم شہباز شریف کی متعلقہ وزرا اور افسران کی پذیرائی
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی عزت اور وقار کو داؤ پر لگایا جارہا ہے، آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی، آج بھی موقع ہے کہ ہم فیصلہ کرلیں ملک کے مفاد کے لیے ذاتی خواہشات اور اناؤں کو ختم کرنا ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو معدنیات کی دولت سے نوازا ہے، دہشتگردی کا ایک مقصد پاکستان کو ان وسائل سے استفادہ کرنے سے روکنا ہے، ایسےعناصر کو پاکستان کی ترقی و خوشحالی گوارا نہیں، پاکستان کے وسیع تر مفاد کے لیے ہم اپنے ذاتی مفادات اور آنا کو پاکستان کے تابع کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:بجلی کی قیمتوں میں کمی کے جامع پیکج کا جلد اعلان کیا جائے گا، وزیر اعظم شہباز شریف
انہوں نے مزید کہا کہ ہم بخوبی جانتے ہیں دہشتگردوں کو مالی معاونت کہاں سے مل رہی ہے، ہماری افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملکی تحفظ کے لیے بڑی قربانیاں دے رہے ہیں، ذاتی اختلاف بھلا کر قومی یکجہتی اور اتفاق ترقی کا واحد راستہ ہے۔