وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں جتنے لوگ ہیں اتنے ان کے گروپ بن چکے ہیں، ہمیں ان کو برا بولنے کی ضرورت ہی نہیں۔
سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان کو ایسے لوگ چاہیے جن کے اپنے پلے کچھ بھی نہ ہو، اور وہ صبح شام لیڈر کے مرہون منت ہوں۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان جیب کترا تھا، ہم نے مہنگائی کم کرکے ناممکن کو ممکن کر دکھایا، وزیر دفاع خواجہ آصف
خواجہ آصف نے کہاکہ مسلم لیگ ن میں ووٹ بینک نواز شریف کا ہی ہے، لیکن جب ہم بھی ووٹ مانگنے نکلتے ہیں تو اللہ کہ مہربانی ہے کہ 4 ووٹ کوئی ہمارا منہ دیکھ کر بھی دے دیتا ہے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ ہم نے عمران خان کے خلاف کامیاب تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار حاصل کیا، ایک وہ وقت بھی تھا کہ عمران خان وزیراعظم تھے لیکن سیکیورٹی سے متعلق اجلاسوں میں شرکت نہیں کرتے تھے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ جب ہماری ایئر فورس نے ابھی نندن کا جہاز گرایا تو جنرل باجوہ نے عمران خان کو میٹنگ کی صدارت کرنے کا کہا لیکن یہ نہیں آئے اور اب کہتے ہیں مجھے میٹنگ میں بلاؤ ورنہ میری پارٹی شرکت نہیں کرےگی۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمتیں کم کرکے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔
وزیر دفاع نے کہاکہ حکومت نے معیشت کو بحال کردیا ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی کوئی چھوٹا ریلیف نہیں، پنجاب کے ہر شہر میں کام ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم بھی قید میں رہے ہیں لیکن جس طرح عمران خان کو ملاقاتوں کی اجازت ہے ہمیں تو نہیں تھی، اس کے علاوہ پریس کانفرنسز بھی کی جارہی ہیں اور بیانات بھی جاری ہوتے ہیں، پھر یہ آپس میں لڑتے بھی ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ بجٹ سے پہلے عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی، جبکہ شرح سود میں بھی مزید کمی ہوگی۔