فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی20 سیریز میں پاکستان کی ناکامی بعد کپتانی سے ہٹائے جانے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کپتانی ان کے لیے ایک قابل فخر لمحہ تھا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی20 میچوں کی سیریز میں پاکستان کی قیادت کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے کرکٹ پاکستان کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ پاکستان کے کپتان تھے۔
یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیم کو ایک اور شکست، ’کلب لیول کا بولر بھی شاہین آفریدی سے اچھی بالنگ کرلیتا‘
شاہین آفریدی سے پوچھا گیا کہ کپتانی سے ہٹائے جانے پر ان کا دل تو نہیں ٹوٹ گیا، تو انہوں نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ ان دنوں میرا دل نہیں ہے، تاہم انہوں نے اس کی مزید وضاحت سے گریز کرتے ہوئے کپتانی کو اپنے لیے قابل فخر لمحہ قرار دیا۔
’آپ کو فخر ہے کہ آپ نے پاکستان کے لیے کچھ کیا ہے، مجھے ہمیشہ خوشی ہوتی ہے جب کوئی پاکستان کے لیے میچ جیتتا ہے، کسی نے اچھی بیٹنگ کی ہے، مجھے کسی بھی میدان میں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر ہمیشہ فخر ہے۔‘
مزید پڑھیں: جسے دیکھو شاہد آفریدی بنا ہوا ہے، نئے لڑکوں میں ٹیلنٹ نظر نہیں آرہا، شاہد آفریدی کی ٹیم پر سخت تنقید
شاہین آفریدی نے ورک لوڈ مینجمنٹ اور کسی بھی فارمیٹ سے ’آپٹ آؤٹ‘ کرنے کے بارے میں بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی پاکستان کے لیے کرکٹ کا کوئی فارمیٹ چھوڑنے کا نہیں سوچا۔
’جب سے میں نے کرکٹ کھیلنا شروع کی ہے، میں نے ہمیشہ پاکستان کے لیے پرفارمنس دینے کا سوچا ہے، اللہ نے مجھے اس میں بہت عزت دی ہے، میں ہمیشہ کرکٹ کھیلنے سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں۔‘