پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کے میچز12، 15، 18، 20 اور21 اپریل کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا ئیں گے، اس دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے کراچی ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان جاری کردیا ہے۔
ترجمان کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق پی ایس ایل میچز کے دوران سر شاہ سلیمان روڈ دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھلی رہے گی،اس کے علاوہ میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کرکٹ کے لیے پارکنگ کا خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا ہے۔
پارکنگ کے مقامات اور ان کے راستے
کارساز سے آنے والے شہری حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ ، اسٹیڈیم فلائی اوور کے نیچے سے ہوتے ہوئے سر شاہ سلیمان روڈ پر نیشنل کوچنگ سینٹر،چائنا گراؤنڈ میں اپنی گاڑی پارک کریں۔
ملینیم سے آنے والے اسٹیدیم روڈ(پیر صبغت اللہ شاہ راشدی روڈ) سے ہوتے ہوئے اسٹیڈیم فلائی اوور کے نیچے سے دائیں جانب سر شاہ سلیمان روڈ پر نیشنل کوچنگ سینٹر یا چائنا گراؤنڈ میں اپنی گاڑی پارک کریں۔
نیوٹاؤن سے آنے والے شائقین کرکٹ اسٹیدیم روڈ سے ہوتے ہوئے آغا خان اسپتال کے بعد بائیں جانب سر شاہ سلیمان روڈ پر نیشنل کوچنگ سینٹر یا چائنا گراؤنڈ میں اپنی گاڑی پارک کریں۔
ہیوی ٹریفک کے لیے ہدایات
ہیوی ٹریفک سہراب گوٹھ سے جانب نیپا، لیاقت آباد نمبر 10 سے جانب حسن اسکوائر، پی پی چورنگی سے جانب یونیورسٹی روڈ اور کارساز سے ہوتے ہوئے ملینیم تا نیو ٹاؤن سفرے کرے، اسٹیڈیم سگنل تا حسن اسکوائر پر ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔