بلوچستان کے علاقے مستونگ میں بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے جس میں 3 اہلکار جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوگئے ہیں۔
دھماکا مستونگ کے دشت روڈ پر کھنڈ مہسوری کے قریب اس وقت ہوا جب بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار ڈیوٹی سے واپس جارہے تھے۔
یہ بھی پڑھیے: بلوچستان کے ضلع تربت میں دھماکا، 3 افراد جاں بحق
لیویز حکام کے مطابق دھماکا موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بارودی مواد سے کیا گیا۔
حکام کے مطابق واقعے کے بعد فورسز کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اور جاں بحق اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو غوث بخش رئیسانی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا ردعمل
اس واقعے پر ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ مستونگ کنڈ مسوری کے قریب آر ٹی سی قلات سے بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکاروں کو لے جانے والے ٹرک پر آئی ای ڈی دھماکا ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے 3 جوان شہید ہوئے جبکہ 16 اہلکار زخمی ہوئے ہیں، اہلکار بلوچستان نیشنل پارٹی دھرنے کی سیکیورٹی پر تعینات تھے۔
یہ بھی پڑھیے: بلوچستان: سی ٹی ڈی کی کارروائی، 3 مبینہ حملہ آور ہلاک
ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 2 اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے، تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔ واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔
صدر آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے مستونگ میں بلوچستان کانسٹبلری کی گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت کی اور ملکی سلامتی کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر بلوچستان کانسٹبلری کے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت نے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور شہدا کے لیے بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعاکی۔
صدر مملکت نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعظم نے بلوچستان کانسٹبلری کے 3 اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور شہدا کے لیے مغفرت کی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
انہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملائیں گے، اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مستونگ میں دشت روڈ پر بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت کی ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید ہونے والے 3 اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور کہا ہے کہ شہید اہلکاروں کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، شہدا ہمارا فخر ہیں اور ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قوم شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، دہشتگردوں کا کوئی مذہب ہے نہ علاقہ، یہ انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔