پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا مثبت آغاز، 100انڈیکس میں 1100 پوائنٹس کا اضافہ

پیر 21 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے آج ہفتے کے پہلے تجارتی سیشن کا مثبت آغاز کرتے ہوئے بینچ مارک کےایس سی 100 انڈیکس میں انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران 1114 پوائنٹس سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا۔

آخری کاروباری روز یعنی گزشتہ جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ہفتے کے آخری کاروباری سیشن کا 414 پوائنٹس اضافے کے ساتھ مثبت انداز میں اختتام کیا تھا، جس کے بعد آج 12 بجے دوپہر تک  کے ایس سی 100 انڈیکس 118429 پوائنٹس پر ٹریڈ کررہا تھا، جو 909.32 پوائنٹس یعنی 0.78 فیصد کا اضافہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی نرخ اور مہنگائی میں کمی نے اسٹاک ایکسچینج کو تگڑا کردیا

بین الاقوامی سطح پر اس ہفتے کے آغاز پر ایشیائی ایکوئٹی اور امریکی اسٹاک فیوچرز میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ ڈالر کی قیمت میں کمی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فیڈرل ریزرو پر ٹیرف کے حوالے سے بے چینی اور عوامی تنقید نے جذبات کو متاثر کیا، جس سے سونے کی قیمتیں نئی ​​بلندی پر پہنچ گئی ہیں۔

امریکی صدر ٹرمپ نے جمعرات کو فیڈرل ریزرو کے سربراہ جیروم پاول کے خلاف حملوں کا ایک سلسلہ شروع کیا تھا، ان کی ٹیم اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ آیا صدر ٹرمپ جیروم پاول کو برطرف کر سکتے ہیں، یہ ایک ایسا اقدام ہے جس کے مضمرات مرکزی بینک کی آزادی اور عالمی منڈیوں کے لیے انتہائی نوعیت کے ہوسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان برقرار

زیادہ تر بازار جمعہ کو بند تھے اور کچھ ایسٹر منڈے کی چھٹی پر ہیں، ایس اینڈ پی 500 فیوچرز میں 0.64 فیصد اور نیس ڈیک فیوچر میں 0.53 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔ ایشیا میں، جاپان کا نکی 1 فیصد گرگیا جبکہ جنوبی کوریا کا بینچ مارک انڈیکس مستحکم رہا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے نئے ریکارڈ بننا اب کوئی نئی بات نہیں لگتی لیکن عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد اسٹاک مارکیٹ کے برتاؤ میں تسلسل نہیں دیکھا گیا، ایک جانب ہائی ریکارڈ بنا تو دوسری جانب پوائنٹس میں ریکارڈ کمی بھی دیکھی گئی۔

معاشی ماہرین کیا کہتے ہیں؟

اسٹاک مارکیٹ کے ماہر شہریار بٹ کا کہنا ہے کہ عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کافی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، 4 اپریل کو اسٹاک مارکیٹ نے 1 لاکھ 20 ہزار کی ریکارڈ حد عبور کی۔

’جس کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے پوری دنیا نے سرپرائز دیکھے، مختلف ممالک کیخلاف ٹیرف میں اضافے کے باعث دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس منفی رجحان کی زد پر آگئیں، جس سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکی اور ایک ہی دن میں 8 ہزار پوائنٹس کی تاریخی گراوٹ ہوئی۔‘

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا مثبت آغاز، 100انڈیکس میں 900 پوائنٹس کا اضافہ

شہریار بٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایک بار پھر مثبت سمت میں دیکھی جا رہی ہے، پاکستان کے معاشی اعشاریے بھی مثبت ہیں، ایک طرف شرح سود میں کمی تو دوسری جانب مہنگائی بھی 60 سال کی کم سطح پر ریکارڈ کی گئی ہے جس کے اثرات پاکستان اسٹاک مارکیٹ پر مثبت پڑ رہے ہیں۔

’دوسری جانب ملک میں سیاسی استحکام نظر آرہا ہے اور محسوس ہوتا ہے کہ سیاسی محاذ پر اس وقت کوئی دباؤ نہیں، آئی ایم ایف سے بھی امید ہے کہ 1 بلین ڈالر مل جائیں گے اگر انفرادی بات کی جائے تو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آٹو سیکٹر کی کارکردگی بہت بہتر دکھائی دے رہی ہے۔‘

مزید پڑھیں:بجلی نرخ اور مہنگائی میں کمی نے اسٹاک ایکسچینج کو تگڑا کردیا

ماہر اسٹاک مارکیٹ محسن مسیڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے ایسا لگتا ہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے ایک بار پھر رفتار پکڑی ہے جو کہ عید کی تعطیلات کے بعد کچھ ماند پڑگئی تھی، ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلوں کے اثرات ہم نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ایک ہی دن میں بڑی گراوٹ کی شکل میں دیکھے۔

محسن مسیڈیا کے مطابق اسٹاک مارکیٹ پر ملکی اور بین الاقوامی دباؤ اثرات مرتب کرتے ہیں لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ ملکی حالت بہتری کی جانب گامزن ہیں، جس سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ یہی تسلسل رہا تو یقینی طور پر مستقبل میں بہتری کی گنجائش بھی ہے اور امید بھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp