محفوظ ترین شہروں کا انڈیکس جاری، لاہور نے نیویارک اور لندن کو پیچھے چھوڑدیا

منگل 29 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جرائم کے اعدادوشمار میں نمایاں بہتری کا ادراک کرتے ہوئے عالمی ایجنسی نمبیو کی جانب سے جاری کردہ 2025 کے کرائم اینڈ سیفٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کو دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں شمار کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں عالمی جرائم کے انڈیکس میں لاہور کو 37 ویں اور دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں 63 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے، لاہور کے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی کو نوٹ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یہ شہر اب نیویارک، لندن، واشنگٹن، برلن، استنبول اور پیرس جیسے بڑے شہروں سے زیادہ محفوظ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور کے سائیکل سواروں کی یاد میں

عالمی رپورٹ میں اس کامیابی کو جرائم سے لڑنے کی بہتر حکمت عملیوں سے منسوب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لاہور کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ جرائم میں اتنی واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

 https://Twitter.com/hinaparvezbutt/status/1916846721168007323

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، لاہور میں رپورٹ شدہ جرائم اپریل 2023 سے اپریل 2024 کے درمیان 67,585 واقعات سے کم ہو کر اپریل 2024 سے اپریل 2025 کے درمیان 34,091 واقعات پر آگئے، ڈکیتیوں اور قتل کی وارداتوں میں 64 فیصد اور عام ڈکیتیوں میں 55 فیصد کمی واقع ہوئی۔

مزید پڑھیں: لاہور کی اسمارٹ سڑک جو بجلی بھی پیدا کرےگی

رپورٹ میں موٹرسائیکل چوری میں 33 فیصد، راہزنی کی وارداتوں میں 42 فیصد، کار چوری میں 33 فیصد اور دیگر گاڑیوں کی چوری میں 39 فیصد کمی کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔

اندرونی احتسابی اقدامات میں 400 سے زائد افسروں اور اہلکاروں کو نظم و ضبط کا سامنا کرنا پڑا، چار اسٹیشن ہاؤس آفیسرز کو ثابت شدہ بدعنوانی کے بعد اپنے ہی تھانوں میں قید ہونا پڑا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ڈیٹا پر مبنی پولیسنگ کو جرائم کے سدباب میں بہتری کا سہرا دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے جرائم کے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کی اور ان علاقوں میں انسانی وسائل اور آلات کو فروغ دیا۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کی لاہور اور باکو کے درمیان پروازیں علاقائی روابط کا اہم سنگِ میل ہے، شہباز شریف

’اشتہاری مجرموں اور عادی مجرموں کو گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا گیا اور میرٹ پر مبنی تقرریوں نے نوجوان افسروں کو کام کرنے کے مواقع فراہم کیے ہیں۔‘

ڈی آئی جی فیصل کامران کے مطابق امن و امان کے چیلنجز کے باوجود کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ ’ہمارا مستقبل کا ہدف واضح ہے، لاہور کو عالمی سطح پر محفوظ ترین شہروں میں سے ایک بنانا۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp