وزیراعظم کا وزرا اور سروسز چیفس کے ہمراہ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ

منگل 6 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم نے پیچیدہ اور متحرک حالات میں قومی مفادات کے تحفظ اور باخبر قومی سلامتی کے فیصلوں کو ممکن بنانے میں آئی ایس آئی کے اہم کردار کی تعریف کی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزیر دفاع، اور سروسز چیفس کے ہمراہ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔

  وزیراعظم کو دورے کے دوران ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور بھارت کے بڑھتے ہوئے جارحانہ اور اشتعال انگیز رویے کی سبب کسی بھی قسم کے سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کی تیاریوں کے بارے میں وزیراعظم اور وزرا کو بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیے: کورکمانڈرز کانفرنس: ’عزم استحکام‘ پر تنقید اور بلاجواز قیاس آرائیوں پر اظہار تشویش

اس کے علاوہ سیاسی قیادت کو علاقائی سیکیورٹی کی پیش رفت اور ابھرتے ہوئے خطرات مثلاً روایتی فوجی آپشنز، ہائبرڈ جنگی حربے اور دہشت گرد پراکسیز سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم اور وزرا نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کو روکنے اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے بڑھتی ہوئی قومی تیاری، خفیہ اداروں کے درمیان بلا تعطل ہم آہنگی اور آپریشنل تیاریوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ مہارت اور تذویراتی بصیرت کو سراہتے ہوئے، وزیراعظم نے پیچیدہ اور متحرک حالات میں قومی مفادات کے تحفظ اور باخبر قومی سلامتی کے فیصلوں کو ممکن بنانے میں اس کے اہم کردار کی تعریف کی۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان امن چاہتا ہے مگر ملکی سالمیت کی خلاف ورزی پر پوری طاقت سے جواب دیگا، آرمی چیف

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم ہماری بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان آرمی دنیا کی سب سے زیادہ پیشہ ور اور باضابطہ افواج میں سے ایک ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق سیاسی قیادت نے تمام خطرات کے خلاف وطن کا دفاع کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات کی تجدید کی کہ قوم کی حمایت کے ساتھ مسلح افواج ریاستی اداروں کی مدد سے تمام حالات میں پاکستان کی سلامتی، وقار اور عزت کو برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp