وزیراعظم کا دورہ کامرہ ایئر بیس، آپریشنل تیاریوں و جنگی صلاحیتوں پر بریفنگ

جمعرات 15 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ، وزیر دفاع، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات، وزیر اطلاعات، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر اور چیف آف دی نیول اسٹاف کے ہمراہ جمعرات کو کامرہ میں پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس کا دورہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: دشمن نے پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو اسکو پاؤں تلے روند دیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم کو پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے فرنٹ لائن اہلکاروں کے ساتھ ملاقات کی جس میں پائلٹ، انجینیئرز اور تکنیکی عملہ بھی شامل تھے۔ وزیراعظم نے قومی دفاع کے لیے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، درستگی اور ثابت قدمی کو سراہا۔

مزید پڑھیے: آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کی کامیابی، وزیراعظم کا اگلے مورچوں کا دورہ، افسروں اور جوانوں سے ملاقات

اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے مثالی تحمل، اسٹریٹجک دور اندیشی اور آپریشنل درستگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری افواج کے جواب نے نہ صرف خطرے کو بے اثر کیا بلکہ دشمن کے فوجی انفراسٹرکچر کو ایک ناقابل تلافی دھچکا بھی پہنچایا۔

مزید پڑھیں: شاہینوں نے بھارت کے خلاف ایک بار پھر اپنا لوہا منوالیا، آرمی چیف کی ایئر ہیڈکوارٹرز کے دورے پر گفتگو

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی مسلح افواج کی بہادری اور چوکسی پر بے پناہ فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف کی قابل قیادت میں ہمارے محافظوں نے ایک بار پھر اس ثابت کیا کہ پاکستان کی سلامتی ناقابل تسخیر ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور، پرعزم اور ناقابل معافی جواب دیا جائے گا۔

پاک فضائیہ کی آپریشنل کامیابی کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی رات سری نگر کے مشرق میں پمپور کے قریب چھٹے ہندوستانی طیارے میراج 2000 گرائے جانے کی تصدیق پی اے ایف کی جنگی مہارت اور مادر وطن کی حفاظت کے لیے ہماری مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کا مزید ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیے: آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی، افواج پاکستان نے جو کہا کر دکھایا

انہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی بصیرت انگیز قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایئر چیف نے پاک فضائیہ کو جدید بنانے میں اہم کردار ادا کیا جس نے فورس کی آپریشنل صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

ایئر مین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے نڈر پائلٹس اور سرشار فضائی عملے کے لیے آپ کی ہمت اور درستگی پاکستان کی مسلح افواج کے ناقابل تسخیر جذبے کی عکاسی کرتی ہے، آپ ثابت قدم ہیں اور ہماری فضاؤں کے تقدس کو برقرار رکھتے ہوئے اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ملک کی خودمختاری کا دفاع کر رہے ہیں۔

حکومت اور قوم کے اجتماعی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہماری سرزمین کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار اور پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی جارحیت کا بروقت، متناسب اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

شہباز نے مزید کہا کہ ہم اپنے وطن کے دفاع کے لیے متحد، چوکس اور غیر متزلزل کھڑے ہیں۔

وزیر اعظم کی آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ان کا استقبال کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp