کراچی یونین آف جرنلسٹس نے ہفتہ کے روز بھارتی حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کئی پاکستانی صحافیوں کے اکاؤنٹس کو بھارت میں بلاک کیے جانے سے متعلق اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت پر حملہ اور کھلی سنسرشپ قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: بھارت میں سرکردہ صحافیوں سمیت متعدد پاکستانیوں کے ایکس اکاؤنٹ پر پابندی
کے یو جے کے صدر حامد الرحمٰن نے کہا کہ بھارتی حکام کی جانب سے پاکستانی صحافیوں کی آوازوں کو دبانا نہایت تشویشناک ہے اور یہ خطے میں آزادی صحافت کے لیے ایک خطرناک مثال قائم کرتا ہے۔ صحافی عوام کو باخبر رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور اس قسم کے اقدامات اظہار رائے کی آزادی اور معلومات تک رسائی کے حق کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
جنرل سیکریٹری سید نبیل اختر کا کہناتھا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کو جواز بنا کر صحافیوں کو سرحد پار نشانہ بنانا دراصل بین الاقوامی سطح پر اظہارِ رائے کی آزادی کو دبانے کے مترادف ہے۔ ہم بین الاقوامی میڈیا اداروں اور آزادی صحافت کے حامیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس صورتِ حال کا نوٹس لیں اور اس اقدام کے خلاف آواز بلند کریں۔
کے یو جے نے بھارتی حکومت سے اظہارِ رائے کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عوام عامہ کی صحافتی مواد اور معلومات تک بلا رکاوٹ رسائی کو یقینی بنائیں۔