وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا بیرونی سرپرستی میں ہونیوالی دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم

بدھ 21 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج کوئٹہ کا دورہ کیا اور دہشتگرد حملے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔

یہ بھی پڑھیں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد مذہبی لبادہ اوڑھ کر پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں ملوث

وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر کوئٹہ نے دہشتگرد حملے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ اس حملے میں 3 معصوم بچیاں اور 2 فوجی جوان شہید ہوئے، جبکہ 39 معصوم بچوں سمیت 53 افراد زخمی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بچوں کے والدین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا، اور ذمہ داران کے فوری تعین اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف نے دہشتگرد حملے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی پراکسیوں کے ذریعے دہشتگردی کی یہ کارروائی شرمناک اور قابل نفرت ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کے حمایت یافتہ یہ دہشتگرد بلوچ اور پشتون قوم کی عزت اور اقدار پر بھی داغ ہیں، جو طویل عرصے سے تشدد اور انتہا پسندی کو مسترد کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کی کارروائیوں کو بچوں کو نشانہ بنانے پر بین الاقوامی برادری سے فوری توجہ کا مطالبہ کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگردوں کا اسکول بس میں معصوم بچوں پر حملہ ان کی بلوچستان میں تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے کہاکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وحشیانہ فعل میں ملوث تمام افراد کا پیچھا کریں گے، اور دہشتگردی کے ماسٹر مائنڈز کو کیفر کردار تک پہنچایا جائےگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پوری قوم دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے اور پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے قوم وہی پختہ عزم دکھائے جو بھارتی جارحیت کے خلاف دکھایا گیا۔ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے عزم کا اظہار کیا کہ بیرونی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی اور فیصلہ کن انجام تک پہنچایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں بلوچستان میں دہشتگردی کی بھارتی سرپرستی کے ٹھوس شواہد سامنے آگئے

واضح رہے کہ آج بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایک اسکول بس کو فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 3 معصوم طالبات سمیت 5 افراد شہید ہوگئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp