پاکستان امریکا تعلقات میں اہم پیشرفت، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ڈونلڈ ٹرمپ سے آج ملاقات طے

بدھ 18 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر ان دنوں سرکاری دورے پر امریکا میں موجود ہیں، جہاں بدھ کے روز ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں ظہرانے پر اہم ملاقات طے ہے۔ وائٹ ہاؤس کے شیڈول کے مطابق، اس ملاقات کا باقاعدہ اندراج صدر کی مصروفیات میں شامل ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کو وائٹ ہاؤس کے کیبنٹ روم میں ظہرانہ دیا جائے گا جہاں صحافیوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے بعد پریس بریفنگ نہیں ہوگی۔ تاہم امکان ہے کہ صدر ٹرمپ میڈیا سے بات کرتے ہوئے یا سوشل میڈیا پر پوسٹ کے ذریعے اس ملاقات کی تفصیل بتائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دورہ امریکا میں کس کس سے ملاقات کی ؟

تجزیہ کاروں کے مطابق فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس اہم ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات کے باب میں اہم پیشرفت ہونے  یہ جارہی ہے۔ یہ ملاقات امریکی وقت کے مطابق ایک بجے متوقع ہے۔ اس وقت پاکستان میں شام کا وقت ہوگا۔

گزشتہ روز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے واشنگٹن ڈی سی میں اوورسیز پاکستانیوں کی تقریب میں خطاب کیا تھا جس میں انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کو خاص طور پر اپنا مشن بنایا تھا۔

آرمی چیف نے کہا تھا کہ آئندہ چند روز میں کئی اہم واقعات رونما ہوں گے اور اب یہ ملاقات ایسے وقت میں ہورہی ہے جب امریکا کینیڈا کا دورہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال کے سبب مختصر کرکے امریکا واپس آئے ہیں اور وہاں ان کی بھارتی وزیراعظم سے  ملاقات نہیں ہوئی۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان کی کسی بھی اعلیٰ ترین شخصیت سے  یہ پہلی ملاقات ہے۔

یہ بھی پڑھیے اوورسیز پاکستانی ہمارا فخر ہیں، ترسیلات و سرمایہ کاری سے پاکستان کا وقار بلند کیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

یہ ملاقات اس لحاظ سے بھی اہم  ہے کہ پاکستان نے صدر ٹرمپ کی جانب سے پاک بھارت جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے اور زور دیا ہے کہ وہ اپنے دورہ صدارت کے دوران مسئلہ کشمیر کو حل کرائیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گزشتہ روز یہ بھی کہا تھا کہ امریکا یوکرین سے محض 400 سے 500 ارب ڈالر کی معدنی دھاتوں کا معاہدہ کرنا چاہتا ہے  تاہم پاکستان کے پاس ایک کھرب ڈالر کے ایسے ذخائر موجود ہیں، اگر امریکا سرمایہ کاری کرے تو ہر سال 10 سے 15 ارب ڈالر کا فائدہ حاصل کرسکتا ہے اور یہ سلسلہ 100 سال تک جاری رہے گا۔

فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا واشنگٹن ڈی سی میں اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب

انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ دھاتوں کی پراسیسنگ پاکستان میں ہو تاکہ روزگار کے مواقع بڑھیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کرپٹو کونسل اور امریکن کرپٹو کونسل کا معاہدہ  ہوگا اور کرپٹو مائننگ میں پاکستان اہم کردار ادا کرے گا۔  یہی نہیں بلکہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ڈیٹا سینٹرز بھی کھولے جائیں گے۔

فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس ملاقات سے بھارتی قیادت شدید پریشانی کا شکار ہے کیونکہ بھارت کو امید تھی کہ کینیڈا میں ٹرمپ کی بھارتی وزیراعظم مودی سے ملاقات ہوگی تاہم ٹرمپ ایسی کوئی بھی ملاقات کیے بغیر واپس امریکا آگئے۔ اب جبکہ پاکستان اور امریکا کے اہم ترین شخصیات کی ملاقات ہونے جارہی ہے، بھارت کے پالیسی سازوں میں شدید اضطراب دیکھنے کو آ رہا ہے۔

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار

یہ ملاقات ایک ایسے نازک عالمی مرحلے پر ہو رہی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے، اور امریکا کھل کر ایران کے خلاف جنگی تیاریوں میں مصروف دکھائی دے رہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے منگل کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایران سے  غیر مشروط طور پر ہتھیار پھینکنے  کو کہا تھا اور دعویٰ کیا کہ امریکا ’ایران کی فضاؤں پر مکمل کنٹرول‘ رکھتا ہے۔ امریکی صدر کے بقول انہیں علم ہے کہ نام نہاد سپریم لیڈر کہاں چھپے ہوئے ہیں۔

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے اپنے حالیہ ایک خطاب میں ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا، اور امید ظاہر کی کہ مشرقِ وسطیٰ کا تنازع جلد حل ہو جائے گا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی یہ ملاقات نہ صرف دوطرفہ عسکری تعلقات بلکہ خطے میں پاکستان کے مفادات کے حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp