’لگتا ہے مائنس عمران ہو ہی گیا ہے‘، علیمہ خان نے بڑی بات کہہ دی

منگل 24 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوشل میڈیا پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ان سے صحافیوں نے سوال کیا کہ کیا عمران خان کو مائنس کر دیا گیا ہے؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ مائنس ہی ہو گئے ہیں‘۔

ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ خیبر پختونخوا کے ایم پی اے کہتے ہیں کہ علی امین گنڈاپور بہت طاقتور ہیں ہم انہیں ’ناں‘ نہیں کہہ سکتے۔ جس کے جواب میں علیمہ خان کا کہنا تھا کہ اگر بوجھ نہیں اٹھا سکتے تو گھر جائیں۔

علیمہ خان نے کہاکہ ہم نے خیبرپختونخوا حکومت سے بھیک مانگی کہ اگر آپ کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی تو آپ اڈیالہ جیل کے باہر آکر بیٹھ جائیں لیکن کسی نے نہیں سنی۔

انہوں نے کہاکہ ایک بندہ یہاں آکر نہیں کہتا کہ ہم نے ملاقات کرنی ہے، ہمیں تو یقین ہی نہیں آرہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی نے بجٹ پاس کرلیا ہے کیوں کہ علی امین نے ہم سے وعدہ کیا تھا کہ بجٹ عمران خان سے مشاورت کے بعد پاس ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان پانچ ہفتے سے کہہ رہے تھے کہ مجھے سے مشاورت کے بغیر بجٹ پاس نہیں ہوگا۔

علیمہ خان کی اڈیالہ جیل کے باہر اس گفتگو کے بعد سوشل میڈیا صارفین مختلف تبصرے کررہے ہیں۔ کھیل داس کوہستانی نے لکھا کہ علیمہ خان بتا رہی ہیں کے عمران خان کو تحریک انصاف سے مائنس کر دیا گیا ہے، کوئی رُکن ملاقات کا خواہش مند نہیں۔

ایک صارف نے علیمہ خان کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مائنس عمران خان ہم نہیں مانتے۔

ایک ایکس صارف نے کہا کہ عمران خان کے ساتھی سب مفاد پرست اور کھوٹے سکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علیمہ خان صاحبہ کی ٹوٹی ہوئی آواز اور لہجے سے بہت دکھ ہو رہا ہے۔

ایک ایکس صارف کا کہنا تھا کہ اگلے الیکشن میں موجودہ پی ٹی آئی ایم پی ایز کو کوئی خیبرپختونخوا میں ووٹ نہیں دے گا۔

علیمہ خان نے راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ خیبر پختونخواہ حکومت کو بجٹ پاس کرنے کی کیا جلدی تھی، بجٹ میں عمران خان سے کیا چھپایا گیا ہے اسے پاس کرنے کے لیے بانی کا دو دن بھی انتظار نہیں کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp