اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو تحلیل کرنے اور اس کے تمام اختیارات و اثاثے میٹروپولیٹن کارپوریشن کو منتقل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، جسٹس محسن اختر کیانی نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے سی ڈی اے کا رائٹ آف وے اور ایکسس چارجز کا ایس آر او کالعدم قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد سے پولن کے خاتمے کے لیے سی ڈی اے کا اہم فیصلہ
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایس آر او کے تحت سی ڈی اے کے تمام اقدامات غیر قانونی قرار دیے جاتے ہیں، اور اگر سی ڈی اے نے اس بنیاد پر کسی سے رقم وصول کی ہے تو وہ واپس کی جائے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے آرڈیننس اب غیر مؤثر ہو چکا ہے کیونکہ اس کے قیام کا مقصد مکمل ہو چکا ہے اور موجودہ گورننس فریم ورک میں اس کی ضرورت باقی نہیں رہی۔
عدالت نے حکم دیا کہ حکومت سی ڈی اے کو تحلیل کرنے کا عمل فوری طور پر شروع اور مکمل کرے۔
یہ بھی پڑھیں:اربوں روپوں کا گھپلا: غیر قانونی الاٹمنٹ پر سی ڈی اے کے 4 افسران گرفتار
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت ہی انتظامی، ریگولیٹری اور بلدیاتی نظام چل رہا ہے، اور آئندہ شفاف و قابلِ احتساب نظام کو یقینی بنانا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ سی ڈی اے کے پاس ٹیکس عائد کرنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں، اور وہ میونسپل معاملات پر اثر انداز نہیں ہو سکتی۔