بجلی کا بل ٹھیک کرانے آئی خاتون پر سیکیورٹی گارڈ کا تشدد، گھسیٹ کر باہر نکال دیا

بدھ 2 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں بجلی کا بل ٹھیک کرانے کے لیے آنے والی بزرگ خاتون پر لیسکو آفس میں سیکیورٹی گارڈ نے بدترین تشدد کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بل درست کرانے آئی خاتون منت سماجت کرتی رہی لیکن سیکیورٹی گارڈ نے ایک نہ سنی اور خاتون کو گھسیٹ کر گیٹ سے باہر نکال دیا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا، صارفین کا کہنا تھا کہ اس ملک میں ہر جگہ ظالم لوگ ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ساتھ کھڑے لوگ بےحسی سے دیکھ رہے ہیں اور کوئی روک تک نہیں رہا۔

سعدیہ نامی صارف نے لکھا کہ اس بزرگ عورت کو انصاف چاہیے، ان کو وہ عزت دی جائے جو ہر عورت کا حق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ میں ملوث سیکورٹی گارڈ اور افسران کو سزا دی جائے تاکہ دوبار ایسا واقع پیش نہ آئے۔

فاحد علی لکھتے ہیں کہ یہ انتہائی گھٹیا حرکت ہے۔ اس کے کرداروں کو سخت سزا ملنی چاہیے۔

ایک ایکس صارف نے مطالبہ کیا کہ اس سیکیورٹی گارڈ کو نوکری سے فارغ کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

علی مغل نے لکھا کہ یہ مریم نواز کا پنجاب ہے۔

ذرائع کے مطابق واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایس ای واپڈا نے سیکیورٹی گارڈ کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ کسی کے ساتھ بھی ایسا ناروا سلوک قبول نہیں۔ جبکہ ڈی پی او کے نوٹس پر سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp