فرانس کے فوجی اور انٹیلی جنس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کی جنگ کے بعد چین اپنے سفارتخانوں کے ذریعے فرانس کے مشہور رافیل لڑاکا طیاروں کے بارے میں عالمی طور پر شکوک پیدا کررہا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے فرانسیسی حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ چین دانستہ طور پر رافیل طیاروں کی ساکھ کو نقصان پہنچا کر فرانس کے دفاعی ہتھیاروں کی مارکیٹ کو متاثر کرنا چاہتا ہے۔
خبر کے مطابق فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ چین کی کوشش ہے کہ وہ ان ممالک کو رافیل طیارے خریدنے سے روکے جنہوں نے پہلے ہی ان کا آرڈر دیا ہے اور انہیں چینی ساختہ لڑاکا طیارے خریدنے پر قائل کرے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان کے ہاتھوں جنگی جہازوں کی تباہی، انڈونیشیا کا 8.1 ارب ڈالر کا رافیل معاہدہ خطرے میں پڑگیا
یاد رہے کہ مئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والی شدید جھڑپوں کے دوران پاکستان نے انڈیا کے 3 فرانسیسی ساختہ رافیل سمیت 5 طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔
فرانس نے اب تک رافیل انڈیا سمیت 5 ممالک کو فروخت کیا ہے اور پاکستان سے کشیدگی کے دوران ان جنگی طیاروں کو پہلی بار میدان میں اتارا گیا۔ اس معرکے میں پاکستان کی طرف سے چینی ساختہ طیاروں کے ذریعے رافیل مار گرانے کے دعوؤں نے فرانس کے اس طیارے کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا۔