جیسیکا ہائنس سے ناجائز تعلق اور بچہ، عامر خان ڈی این اے ٹیسٹ کرا لیں میرے پاس ثبوت ہیں، بھائی فیصل خان کا دعویٰ

بدھ 20 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ اداکار عامر خان کے بھائی فیصل خان نے حالیہ انٹرویو میں سنجیدہ الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عامر خان نے جیسیکا ہائنس کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کیے اور ان سے ایک بچہ بھی ہے۔

فیصل خان کا کہنا تھا کہ عامر خان نے جیسیکا ہائنس کے ساتھ اس وقت تعلقات قائم کیے جب وہ اپنی پہلی بیوی رینا دتہ کے ساتھ شادی شدہ تھے، اب فیصل نے دعویٰ کیا ہے کہ عامر خان ان باتوں کی تردید نہیں کر سکتے۔ اگر چاہیں تو ڈی این اے ٹیسٹ کروا لیں میرے پاس تمام ثبوت موجود ہیں، میں یہ سب خود سے نہیں گھڑ رہا۔

یہ بھی پڑھیں: فیصل خان کا بالی ووڈ اسٹار عامر خان پر غیر ازدواجی تعلق اور ناجائز بچے کا الزام

انہوں نے الزام عائد کیا کہ عامر خان اپنی عوامی شبیہ کو صاف ستھرا ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن ان کی ذاتی زندگی اس کے برعکس ہے۔ ان کے کئی خواتین سے تعلقات رہے ہیں۔ وہ اپنی حقیقت کو چھپاتے ہیں اور اپنی امیج کو ’وائٹ واش‘ کرتے ہیں۔

فیصل خان نے انٹرویو میں واضح کیا کہ وہ صرف اپنی زندگی خود جینا چاہتے تھے لیکن خاندان کی جانب سے دباؤ اور مداخلت نے انہیں بغاوت پر مجبور کیا۔ ان کے مطابق ’جب سب اپنی مرضی سے فیصلے کر رہے تھے تو مجھے بھی آزادی ہونی چاہیے تھی کہ میں اپنی زندگی اپنے طریقے سے گزار سکوں‘۔

یہ بھی پڑھیں: عامر خان پر بھائی کا سنگین الزام، خاندان والے بھی بول پڑے

یاد رہے کہ اس سے قبل فیصل نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ عامر خان اور ان کے خاندان نے انہیں ایک سال سے زائد عرصے تک گھر میں قید رکھا اور شیزوفرینیا جیسی ذہنی بیماری کا الزام لگا کر پاگل قرار دیا۔ جواباً عامر خان اور ان کے خاندان نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے فیصل کے دعوؤں کو ’گمراہ کن اور تکلیف دہ‘ قرار دیا۔

بعد ازاں، فیصل خان نے انسٹاگرام پر اعلان کیا کہ انہوں نے اپنے خاندان سے تمام تعلقات ختم کر دیے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ’بھاری دل اور نئے حوصلے کے ساتھ میں اعلان کرتا ہوں کہ میں نے اپنے خاندان سے تمام رشتے منقطع کر دیے ہیں، جیسا کہ ایک عوامی نوٹس کے ذریعے واضح کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ مشکل ضرور ہے، مگر میری ذہنی سکون، آزادی، اور خود شناسی کے سفر کے لیے ناگزیر ہے‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp