جسپریت بمراہ نے بولنگ رفتار بڑھانے کے لیے کون سے پاپڑ بیلے؟ سابق بھارتی بولنگ کوچ کے انکشافات

ہفتہ 23 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق بھارتی بولنگ کوچ بھارت ارون نے انکشاف کیا ہے کہ اسٹار فاسٹ بولر جیسپریت بمراہ نے اپنی بولنگ کی رفتار بہتر بنانے کے لیے ایک دم سے پیزا، برگر اور ملک شیک جیسے جنک فوڈز ترک کر دیں۔

2013 میں، جب جسپریت بمراہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (NCA) کے زیر اہتمام انڈر-19 کیمپ میں شامل تھے، کوچز نے ان کی بولنگ ایکشن میں تبدیلی کا منصوبہ بنایا تاکہ رفتار میں اضافہ ہو سکے۔ تاہم نئی تکنیک کے باوجود رفتار میں مطلوبہ بہتری نہیں آ رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیے ایشیا کپ کے لیے بھارت کے مضبوط اسکواڈ کا اعلان، جسپریت و کلدیپ اِن، جیسوال آؤٹ

بھارت ارون کے مطابق، اصل فرق بمراہ کی خوراک میں تبدیلی سے آیا۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ جسپریت بمراہ  کا منفرد ایکشن ان کی پہچان ہے، مگر جسمانی طاقت اور متوازن غذا رفتار بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ بمراہ نے فوری طور پر اپنی جنک فوڈ کی عادات ترک کیں، اور اس فیصلے کے بعد ان کی رفتار اور فٹنس دونوں میں واضح بہتری دیکھی گئی۔

جسپریت بمراہ، منفرد ایکشن اور انجریز کا سفر

بھارتی فاسٹ بولر کا غیر روایتی ایکشن ہمیشہ ان کی شناخت رہا ہے، لیکن یہی ایکشن انہیں بار بار انجریز سے بھی دوچار کرتا رہا۔ پچھلی دہائی میں بمراہ نے اکثر انجری اور ری ہیب کے مراحل کا سامنا کیا ہے۔

حالیہ اینڈرسن-ٹنڈولکر ٹرافی میں بھی ان کا کردار محدود رہا۔ بی سی سی آئی اور ٹیم مینجمنٹ نے پہلے ہی فیصلہ کیا تھا کہ وہ 5 میچوں کی سیریز میں صرف 3 ٹیسٹ کھیلیں گے، چاہے نتیجہ کچھ بھی ہو۔

یہ بھی پڑھیے روہت شرما کی جگہ جسپریت بمراہ کو کپتان بنایا جائے، سنیل گواسکر کا انڈین بورڈ سے مطالبہ

مقررہ 3 میچز کھیلنے کے بعد جسپریت بمراہ کو اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا، حالانکہ بھارت نے اوول ٹیسٹ جیت کر سیریز 2-2 سے برابر کر لی تھی۔ ان میچز میں بومرا نے 14 وکٹیں حاصل کیں، جن میں 2 بار 5 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ بھی تھا۔

آج کا بمراہ

2016 میں انٹرنیشنل ڈیبیو کے بعد بمراہ نے اپنی غیر روایتی ایکشن، مہلک یارکرز اور رفتار کے ذریعے دنیا کے بہترین فاسٹ بولرز میں جگہ بنائی۔ اگرچہ انجری مینجمنٹ اور ورک لوڈ پر بحث ہمیشہ ان کے ساتھ جڑی رہی ہے، لیکن آج بھی وہ بھارتی ٹیم کے سب سے بڑے ہتھیار سمجھے جاتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp