دنیا بھر میں نوکری کے انٹرویوز کے دوران سب سے مشکل اور ناپسندیدہ سوال سمجھا جاتا ہے کہ ’آپ کی تنخواہ کتنی ہونی چاہیے؟‘۔ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے اس سوال کا منفرد اور بہترین جواب بتا دیا ہے جسے ماہرین ’مذاکرات کی ماسٹر کلاس‘ قرار دے رہے ہیں۔
امریکی بزنس ویب سائٹ بزنس انسائیڈر کے مطابق ایک انٹرویو میں جب گیٹس سے پوچھا گیا کہ وہ اس سوال کا جواب کیسے دیں گے تو انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ کمپنی مجھے اچھا پیکیج دے گی تاکہ میں رسک لے سکوں۔ مجھے کمپنی کے مستقبل پر اعتماد ہے اس لیے میں فوری نقد رقم سے زیادہ اسٹاک آپشنز کو ترجیح دوں گا۔ مجھے معلوم ہے دیگر کمپنیاں زیادہ دیتی ہیں لیکن مجھے منصفانہ رویہ اور آپشنز زیادہ اہم لگتے ہیں۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف سے بل گیٹس اور صدر یورپی کمیشن کی ملاقاتیں
بل گیٹس کا یہ سادہ سا جواب ان کے وژن اور مستقبل بینی کو ظاہر کرتا ہے۔ یہی حکمتِ عملی ان کی دولت کا اہم سبب بھی بنی کیونکہ ان کی بیشتر دولت مائیکروسافٹ کے شیئرز سے بنی۔
ماہرین کے مطابق بل گیٹس کا جواب نہ صرف خود اعتمادی اور حوصلے کی علامت ہے بلکہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ کمپنی کے ساتھ طویل المدتی وابستگی چاہتے ہیں۔ یہ جواب شفافیت، اعتماد اور کمپنی کے مستقبل پر یقین کو اجاگر کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: کورونا ویکسین سے متعلق منفی خبروں کے بعد بل گیٹس اور بیٹی کے تعلق میں دراڑیں
اسی انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کس شعبے میں کام نہیں کر سکتے تو گیٹس نے اعتراف کیا کہ وہ کبھی بھی سیلز یا مارکیٹنگ کے شعبے میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ کہا میں فطری طور پر سیلز یا مارکیٹنگ کا ماہر نہیں ہوں، میری دلچسپی ہمیشہ پروڈکٹ بنانے اور اس کی تعریف پر مرکوز رہی ہے۔