بھارت میں سیلاب کی تباہ کاریاں: 5 ہلاکتیں، 10 ہزار افراد کی نقل مکانی

بدھ 3 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کے شمالی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث کم از کم 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ یمنا دریا دہلی میں خطرے کے نشان سے اوپر بہنے لگا ہے،  تقریباً 10 ہزار افراد کو نشیبی علاقوں سے نکال کر عارضی کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے چند روز کے دوران اترکھنڈ اور اترپردیش میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: ہمالیائی قصبے میں سیلاب کی تباہی، 70 افراد کی ہلاکت کا خدشہ

سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مقبوضہ جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش کے کئی اضلاع کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، جبکہ متعدد شاہراہیں اور پل تباہ ہوچکے ہیں۔ راجوری اور منڈی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

بھارتی پنجاب میں بھی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی ہے، جہاں حکومت کے مطابق 1 اگست سے اب تک 30 افراد ہلاک اور 20 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ سیلابی پانی سے تقریباً 1 لاکھ 50 ہزار ہیکٹر رقبے پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوگئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے دریائے ستلج میں پھر پانی چھوڑا، پاکستان میں سیلابی صورتحال

بھارت کی جانب سے ڈیموں سے پانی چھوڑنے کے باعث پاکستانی پنجاب میں بھی سیلابی صورتحال سنگین ہوگئی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں اب تک 43 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور 33 لاکھ سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں جون کے آخر سے جاری مون سون بارشوں اور سیلاب سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 881 ہوچکی ہے، جب کہ ہزاروں خاندان نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp