فتنہ الخوارج کی سیزفائر کا فائدہ اٹھا کر پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نےخوارج کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنادی ہے، خفیہ اطلاع پر پاک فوج نے خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں کامیاب کارروائی کی، جس میں 45 سے 50 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ کئی خوارج زخمی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان: انٹیلی جنس آپریشن میں بھارتی سرپرستی یافتہ 13 خارجی ہلاک، آئی ایس پی آر
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی میں خوارج کی بڑی تشکیل کو نشانہ بنایا گیا، پاک فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کررکھا ہے، آپریشن کئی گھنٹوں سے جاری ہے، اس دوران فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری ہے۔
اس سے قبل گزشتہ 2 دنوں میں پاک فوج نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں فتنۃ الخوارج کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 34دہشتگردوں کو ہلاک کیا،آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق 13 تا 15 اکتوبر 2025 کے دوران خیبر پختونخوا میں متعدد جھڑپوں میں بھارتی سرپرستی یافتہ گروپ ’فتنہ الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے 34 خوارج ہلاک ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بنیادوں پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران دستے نے خوارج کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 18خوارج ہلاک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا افغانستان کو تنہائی سے نکالنے اور دہشتگردی کے خاتمے پر زور
جنوبی وزیرستان میں ایک اور انٹیلی جنس بنیاد آپریشن کے نتیجے میں 8 خوارج سے ملک و قوم کی جان چھڑا دی گئی،تیسرا تصادم بنوں ضلع میں پیش آیا جہاں سیکیورٹی فورسز نے مزید 8 خوارج کو کامیابی سے ہلاک کردیا۔
ان علاقوں میں موجود کسی بھی دیگر بھارتی سرپرست خوارج کے خاتمے کے لیے صفائی (سینیٹائزیشن) آپریشن جاری ہیں۔














