وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور دھمکی آمیز مواد پھیلانے والے تحریک لبیک پاکستان کی سوشل میڈیا ٹیم کے ایک اہم رہنما کو گلگت سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، تھانہ ترنول پولیس کو دہشت گردی کے ایک مقدمے میں مطلوب ملزم زعفران کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کو فون پر دھمکیاں دینے والا ٹی ایل پی کارکن گرفتار
ملزم نے چند روز قبل سوشل میڈیا پر وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سیکیورٹی سے متعلق ایک تھریٹ پیغام جاری کیا تھا جس پر مختلف اداروں نے نوٹس لیا۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ زعفران نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ریاستی قیادت کے خلاف سنگین اور اشتعال انگیز زبان استعمال کی تھی۔
مزید پڑھیں: قول و فعل میں تضاد: بینکنگ نظام پر تنقید کرنے والی ٹی ایل پی کا اکاؤنٹس سے منافع حاصل کرنے کا انکشاف
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ملزم کا تعلق ٹی ایل پی کی سوشل میڈیا ٹیم سے ہے اور وہ آن لائن مہمات منظم کرنے میں فعال کردار ادا کرتا رہا ہے۔
پولیس نے ملزم کو شناخت پریڈ کے لیے اڈیالہ جیل منتقل کردیا ہے، جبکہ مزید تفتیش کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔














