اقوامِ متحدہ کے قیام کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے اپنے خصوصی پیغام میں عالمی برادری کے ساتھ مل کر کثیرالجہتی تعاون کے عزم کی تجدید کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اقوام متحدہ کی 80ویں سالگرہ پر پاکستان کا عالمی تعاون، انصاف اور پائیدار ترقی کا عزم
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے منشور میں درج اصولوں پر مکمل یقین رکھتا ہے اور ان ہی اصولوں کے مطابق اپنی خارجہ پالیسی کو استوار کرتا ہے۔
اقوامِ متحدہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کا مؤثر فورم
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اقوامِ متحدہ دنیا کا سب سے نمائندہ کثیرالجہتی ادارہ ہے، جو بین الاقوامی امن و سلامتی، انسانی بحرانوں، ترقیاتی تفاوت اور ماحولیاتی خطرات جیسے بڑے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کی منفرد صلاحیت رکھتا ہے۔

قائداعظم کے وژن کی روشنی میں خارجہ پالیسی
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کی روشنی میں اقوامِ متحدہ کے منشور کے اصولوں پر مبنی ہے، جن میں ریاستوں کی مساوات، عدم مداخلت، حقِ خود ارادیت اور تنازعات کا پرامن حل شامل ہیں۔
🔊PR No.3️⃣1️⃣6️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣5️⃣
Message from the Deputy Prime Minister/Foreign Minister of Pakistan on the Occasion of United Nations Day 2025
🔗⬇️https://t.co/OD56UQgnDo pic.twitter.com/vryNflvjo1
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) October 24, 2025
پاکستان نے ہمیشہ سفارتکاری کو تصادم پر، مکالمے کو تنہائی پر، اور شراکت داری کو تقسیم پر ترجیح دی ہے۔
اقوامِ متحدہ میں پاکستان کا فعال کردار
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے اقوامِ متحدہ کے نظام میں متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی قبضے میں کشمیر کی سیاحت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی
1960 سے پاکستان اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں سب سے نمایاں دستے بھیجنے والے ممالک میں شامل ہے، جبکہ پاکستان میں اقوامِ متحدہ کا قدیم ترین امن مشن یو این ایم او جی آئی پی (UNMOGIP) بھی تعینات ہے۔
کشمیر اور فلسطین ، اقوامِ متحدہ کے اصولوں کا امتحان
اپنے پیغام میں وزیرِ خارجہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر میں درج خود ارادیت اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے، خصوصاً بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) اور فلسطین میں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے باوجود دبایا جا رہا ہے، جبکہ غزہ انسانی ضمیر کا قبرستان بن چکا ہے۔
پاکستان،عالمی امن و انصاف کا علمبردار
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ بطور غیر مستقل رکن اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل (مدت 2025-26)، پاکستان ایک پرامن، منصفانہ اور خوشحال دنیا کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ جولائی میں پاکستان کی سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران پاکستان نے اتفاقِ رائے پر مبنی فیصلوں کی روایت قائم کی، جو اس کے اصولی، متوازن اور شراکتی کردار کا ثبوت ہے۔

امن، ترقی اور انسانی وقار کے لیے عزمِ نو
یومِ اقوامِ متحدہ کے موقع پر پاکستان نے ایک بار پھر عہد کیا کہ وہ اقوامِ متحدہ کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر امن، ترقی اور انسانی وقار کے مقاصد کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھے گا۔
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے منشور کے وعدوں کو زندہ رکھنے اور دنیا بھر میں امن و استحکام کے لیے اپنے کردار کو مزید مؤثر بنائے گا۔














