پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن اجلاس اختتام پذیر، اہم مفاہمتی یادداشتوں اور پروٹوکول پر دستخط

جمعرات 27 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، اقتصادیات، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے لیے قائم 10واں بین الحکومتی کمیشن (آئی سی جی) اسلام آباد میں 25 تا 27 نومبر 2025 تک منعقد ہوا جس دوران اہم ایم او یوز اور پروٹوکول پر دستخط ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی دفاعی برتری کا دباؤ، بھارت ایک ہی وقت میں امریکا اور روس سے جدید ٹیکنالوجی خریدنے پر مجبور

اجلاس پاکستان کے وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری اور روس کے وزیر توانائی سرگئی سیویلیوف کی مشترکہ صدارت میں ہو انعقاد پذیر ہوا۔ اس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی۔

اہم ایم او یوز  اور پروٹوکول پر دستخط

اجلاس کے اختتام پر 10ویں آئی سی جی کا سرکاری پروٹوکول اور 3 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے جن میں اے پی پی اور روس کی اسپوتنک نیوز ایجنسی کے درمیان میڈیا تعاون کا معاہدہ، پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اور روسی فیڈرل ایجنسی فار ٹیکنیکل ریگولیشن کے درمیان معیار، میٹرولوجی اور سرٹیفکیشن میں تعاون کا معاہدہ اور

کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان اور روسی فیڈرل اینٹی مونولوپولی سروس کے درمیان مسابقتی قوانین اور مہارت کے تبادلے سے متعلق ایم او یو شامل تھے۔

فریقین نے پاکستان اور روس کے درمیان متنوع اور مستقبل پر مبنی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور 9ویں IGC کے فیصلوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔

تجارت اور کاروباری تعاون میں پیشرفت

اجلاس میں دو طرفہ تجارت کے فروغ، برآمدات میں تنوع، بزنس ٹو بزنس روابط اور تجارتی میلوں کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

پاکستانی مصنوعات جن میں ٹیکسٹائل، اسپورٹس گڈز، آئی ٹی سروسز، انجینئرنگ آئٹمز اور زرعی اجناس شامل ہیں کے لیے مارکیٹ تک رسائی بڑھانے پر زور دیا گیا۔

دونوں ممالک نے کارگو کی پائلٹ موومنٹ کو آگے بڑھانے اور جلد پائلٹ ٹرین چلانے پر اتفاق کیا، جو علاقائی کنیکٹیویٹی میں اہم سنگِ میل ہوگا۔

توانائی کا شعبہ: مرکزی حیثیت

توانائی کے شعبے کو مذاکرات کا محور قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک نے تیل و گیس، ایل این جی و ایل پی جی تعاون، قابل تجدید توانائی، ہائیڈرو پاور اور آبی ٹیکنالوجیز میں مشترکہ منصوبوں پر سیر حاصل گفتگو کی۔

مزید پڑھیے: روس پاکستان کے ساتھ دوستی کے نئے اُفق کی تلاش میں ہے، ویلنٹینا مٹوینکو کا سینیٹ سے تاریخی خطاب

پاکستان اسٹیل ملز کی اسٹیل پیداوار کی جدید کاری سمیت ہیوی مشینری، مائننگ اور جدید مینوفیکچرنگ میں بھی تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔

تعلیم، سائنسی تعاون اور زبان مراکز

دونوں ممالک نے اعلیٰ تعلیم، ڈگریز کے باہمی اعتراف اور سائنسی تحقیق کے معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انجینئرنگ، طب، آئی ٹی اور خلائی سائنس میں مشترکہ تحقیق، اسکالرشپس اور فیکلٹی ایکسچینج بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اسلام آباد اور کراچی میں روسی زبان مراکز کے قیام کا خیر مقدم کیا گیا جبکہ FDE کی جانب سے اسلام آباد ماڈل کالج برائے طلبہ I-8 میں روسی زبان کی تعلیم کے فروغ کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔

ثقافتی اور عوامی روابط

ثقافتی تعاون، نوجوانوں کے پروگرامز، اسکول پارٹنرشپس اور عوامی روابط کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔ روسی وفد نے 2005 کے زلزلہ متاثرین سے ملاقات کی اور پی این سی اے میں روسی فنکاروں نے ثقافتی شو پیش کیا۔

پاکستان نے اسلام آباد میں یوری گگارین کے مجسمے کی تنصیب کو دونوں ممالک کی سائنسی دوستی کی علامت قرار دیا، جس کا افتتاح آج روسی وزیر سرگئی سیویلیوف کریں گے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں تعاون

پاکستان کی این ڈی ایم اے اور روس کی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے ایمرجنسی ریسپانس، ارلی وارننگ سسٹمز اور تربیتی پروگراموں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

سیاحت، کھیل، میڈیا اور ثقافتی روابط میں تعاون کو بھی توسیع دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

گزشتہ نتائج اور مستقبل کا ایجنڈا

فریقین نے ان معاہدوں کو دو طرفہ اقتصادی سرگرمیوں اور ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے میں اہم قرار دیا۔

یہ طے پایا کہ 11واں اجلاس 2026 میں روس میں منعقد ہوگا۔

مزید پڑھیں: جی20 ممالک کے اجلاس میں روس یوکرین امن منصوبے پر غور، امریکا نے بائیکاٹ کیوں کیا؟

دونوں وزرائے توانائی نے اجلاس کے مثبت اور بامعنی نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعلقات کو باہمی احترام، اعتماد اور دیرپا تعاون کی بنیاد پر مزید مستحکم بنانے کے عزم کو دہرایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پہلی ہی گیند پر وکٹ: شاہین آفریدی پاکستان کے عظیم کپتانوں کی فہرست میں شامل

میٹا اے آئی سمیت چیٹ بوٹس کے ذریعے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہونے کا خطرہ، ماہرین کی وارننگ

ایکس نے ’ری ایکٹ ود ویڈیو‘ فیچر متعارف کرا دیا، یہ کام کیسے کرتا ہے؟

اسلامی حکومت یا وسائل کی لوٹ مار؟ افغان طالبان کے اندر اقتدار کی خونریز کشمکش سامنے آگئی

امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت جاری، کوئی نہیں جانتا انجام کیا ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ

ویڈیو

پہلی ہی گیند پر وکٹ: شاہین آفریدی پاکستان کے عظیم کپتانوں کی فہرست میں شامل

تحریک انصاف میں اختلافات شدید، دو گروپ آمنے سامنے آگئے

گلگت بلتستان انتخابات: ووٹرز سیاسی جماعتوں سے کیا چاہتے ہیں؟

کالم / تجزیہ

28 ویں ترمیم تو آنی ہی آنی ہے

جب یورپ کو پاکستان کی بات سمجھ آئی

گجرات کی گلیاں انور مسعود کو یاد کرتی ہیں