پی آئی اے کی 135 ارب روپے میں کامیاب بولی لگانے والے گروپ کے سربراہ عارف حبیب نے کہا ہے کہ اس کامیابی سے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ہمارا قومی ادارہ ہے اور اس نے ماضی میں بہت اچھے دن دیکھے ہیں، اس کے ملازمین باصلاحیت ہیں اور کام کو بہت اچھی طرح سے جانتے ہیں، امید ہے کہ کمپنی میں نئی سرمایہ کاری سے ایئرلائن کے مسائل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے: پی آئی اے نجکاری: عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے میں پی آئی اے کو خرید لیا
عارف حبیب نے کہا ہے کہ ابتدا میں فلیٹ میں 18، 19 طیارے ہیں جن میں سے فعال 13 یا 14 ہیں، پہلے مرحلے میں انہیں 38 تک لے جائیں گے اور پھر ڈیمانڈ کے حساب سے بڑھائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے ملازمین کو اعتماد دیں گے، ملازمین کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں گے، کمپنی میں وسعت سے اور لوگوں کو بھی روزگار کے مواقع ملیں گے، کمپنی کو جس سرمایہ کاری کی ضرورت ہے اگر وہ آئے گی تو بہت اچھی کارکردگی دکھائے گی۔
واضح رہے کہ آج ہونے والی بولی میں عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے میں پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز خریدنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔













