یورپ کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں شمار ہونے والا نیدرلینڈز کا ایمسٹرڈیم اسخیپول ایئرپورٹ شدید برف باری اور تیز ہواؤں کی زد میں آ گیا، جس کے نتیجے میں سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ خراب موسم نے فضائی نظام کو مفلوج کر کے ہزاروں مسافروں کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ حکام نے دن بھر مزید پروازوں کی منسوخی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
🇫🇷 Heavy snow hits France: DGAC orders 40% flight cuts at CDG and 25% at Orly until 14:00. Western airports (Nantes, Brest, La Rochelle, Vatry, Saint-Nazaire) fully closed.. Nantes only reopened this afternoon after ~40 hours. No reported shortages of de-icing equipment. pic.twitter.com/5Vdr6efF1j
— Fahad Naim (@Fahadnaimb) January 8, 2026
ایمسٹرڈیم اسخیپول ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق بدھ کے روز شدید برف باری اور تیز ہواؤں کے باعث کم از کم 700 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ہوائی اڈے پر گزشتہ چند دنوں سے موسم کی خرابی کے باعث پروازوں کا نظام متاثر چلا آ رہا تھا، تاہم تازہ برف باری نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے باعث ایک ہزار سے زائد مسافروں کو رات ہوائی اڈے پر ہی گزارنا پڑی۔ مسافروں کی سہولت کے لیے عارضی طور پر کیمپ بیڈز فراہم کیے گئے جبکہ صبح کے وقت ناشتہ بھی مہیا کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:موسمیاتی تبدیلی کا تدارک: برطانیہ میں سمندر سے کاربن نکالنے کا آغاز
حکام کے مطابق رن ویز پر برف جمنے، حدِ نگاہ کم ہونے اور تیز ہواؤں کے باعث ٹیک آف اور لینڈنگ محفوظ نہ رہنے کی وجہ سے پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اسخیپول ایئرپورٹ یورپ کے بڑے ٹرانزٹ مراکز میں شامل ہے، جہاں روزانہ ہزاروں پروازیں اور لاکھوں مسافر سفر کرتے ہیں، اس لیے موسم کی معمولی خرابی بھی وسیع پیمانے پر اثرات مرتب کرتی ہے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہوائی اڈے آنے سے قبل اپنی پرواز کی صورتحال سے متعلق ایئرلائنز سے رابطہ کریں۔ موسمیاتی اداروں کے مطابق نیدرلینڈز کے مختلف حصوں میں سرد ہواؤں اور برف باری کا سلسلہ کچھ وقت مزید جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث فضائی آمدورفت میں خلل برقرار رہنے کا امکان ہے۔













