پاکستان تحریک انصاف نے محمود خان اچکزئی کو قائد حزب اختلاف نامزد کر دیا

منگل 13 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے باضابطہ طور پر پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف نامزد کرنے کی درخواست جمع کرا دی۔

یہ بھی پڑھیں: کیا محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بننے والے ہیں؟

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے منگل کو تصدیق کی کہ محمود خان اچکزئی کے نامزدگی کاغذات اسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کرا دیے گئے ہیں۔

یہ دوسری مرتبہ ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے محمود خان اچکزئی کا نام قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف کے عہدے کے لیے باضابطہ طور پر تجویز کیا گیا ہے۔

یہ پیشرفت ایک روز بعد سامنے آئی ہے جب اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے قائد حزبِ اختلاف کی تقرری کے عمل کا ازسرِنو آغاز کیا۔ یہ عہدہ گزشتہ تقریباً 5 ماہ سے خالی ہے جو اگست 2025 میں پی ٹی آئی کے عمر ایوب کی نااہلی کے بعد خالی ہوا تھا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کو ارسال کی گئی تحریری تجویز، جس کی تاریخ 12 جنوری درج ہے، میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن بینچوں سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی کے اراکین متفقہ طور پر محمود خان اچکزئی (این اے 266) کو قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف مقرر کرنے کی سفارش کرتے ہیں۔ درخواست میں قومی اسمبلی کے قواعدِ کار سنہ 2007 کے رول 39 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قائد حزب اختلاف کا تقرر اپوزیشن کے ان ارکان میں سے کیا جانا ہوتا ہے جو اپوزیشن بینچوں کی اکثریت کا اعتماد رکھتے ہوں۔

مزید پڑھیے: ’ملک کو بربادی سے نکالنے کے لیے‘ محمود خان اچکزئی کا اعلان، معافی تلافی پر بھی زور

تحریری درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ محمود خان اچکزئی اپوزیشن کی اکثریت کا اعتماد رکھتے ہیں اور اس آئینی منصب کے لیے موزوں ترین امیدوار ہیں۔ درخواست میں اس بات پر زور دیا گیا کہ قائدِ حزبِ اختلاف کی بروقت تقرری سے اپوزیشن کو اپنی آئینی اور پارلیمانی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے میں مدد ملے گی۔

دریں اثنا بیرسٹر گوہر علی خان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ محمود خان اچکزئی کے نامزدگی کاغذات جمع کرا دیے گئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جمعرات کو محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے طور پر نوٹیفائی کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عہدے کے لیے پی ٹی آئی کی جانب سے صرف ایک ہی امیدوار نامزد کیا گیا ہے اور وہ محمود خان اچکزئی ہیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے گزشتہ سال اگست میں محمود خان اچکزئی کو قائدِ حزبِ اختلاف نامزد کیا تھا جو 9 مئی 2023 کے فسادات سے متعلق مقدمات میں سزا کے بعد عمر ایوب کی نااہلی کے تقریباً 2 ہفتے بعد سامنے آیا تھا۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی: اپوزیشن نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا

اپوزیشن نے اکتوبر 2025 میں بھی محمود خان اچکزئی کے نامزدگی کاغذات اسپیکر آفس میں جمع کرائے تھے تاہم وہ اسپیکر کو ذاتی طور پر پیش نہیں کیے گئے تھے۔ اس دوران اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکومت پر تقرری میں تاخیر کے الزامات بھی لگائے جاتے رہے جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی کا مؤقف تھا کہ معاملہ عدالتی کارروائی کے باعث زیر التوا ہے۔

بعد ازاں عمر ایوب نے اپنی نااہلی کے خلاف دائر اپیلیں واپس لے لیں جس کے بعد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے دسمبر میں پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر سے متعلقہ مقدمات کی تفصیلات طلب کیں۔ مطلوبہ دستاویزات 5 جنوری کو اسپیکر کو فراہم کی گئیں جس کے بعد اسپیکر نے قائد حزب اختلاف کی تقرری کا عمل نئے پارلیمانی اجلاس میں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: محمود خان اچکزئی کا قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بننے کا ایک بار پھر امکان

قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے پر اسپیکر ایاز صادق نے باضابطہ طور پر قائد حزب اختلاف کی تقرری کے عمل کا آغاز کرتے ہوئے اپوزیشن کو نامزدگی کی تجویز دوبارہ جمع کرانے کی ہدایت کی جس پر پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی کو ایک مرتبہ پھر نامزد کر دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

9 مئی میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسا کوئی واقعہ دوبارہ نہ ہو، فیصل کریم کنڈی

بنگلہ دیش کے قومی سلامتی کے مشیر کی واشنگٹن میں امریکی حکام سے اہم ملاقاتیں، دوطرفہ اقتصادی تعان پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر اطلاعات کی عشرت فاطمہ کے گھر آمد، پی ٹی وی میں بطور مینٹور شمولیت کی پیشکش

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آئندہ 15 روز کے لیے برقرار

بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کا اسلام آباد میں داخلہ آج رات 12 بجے کے بعد ممنوع

ویڈیو

بسنت منانے کی خواہش اوورسیز پاکستانیوں کو بھی لاہور کھینچ لائی

مردان کے ریڈ بلڈ بیڑوچ مالٹے کی خاص بات کیا ہے؟

وی ایکسکلوسیو: نہ کوئی ونڈر بوائے آرہا ہے نہ ٹیکنوکریٹس اس ملک کے مسائل حل کرسکتے ہیں: مصدق ملک

کالم / تجزیہ

’شام ڈھل جائے تو محسنؔ تم بھی گھر جایا کرو‘

ٹرمپ کی اخلاقی جڑیں

کریٹیکل منرلز، دنیا کی سب سے بڑی مائننگ کمپنی کونسی، ریکوڈک فیصلہ کن