بھارتی پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن، 67 گانوں پر پابندی عائد کردی، وجہ کیا بنی؟

بدھ 14 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست ہریانہ میں پولیس نے گینگ کلچر اور تشدد کو فروغ دینے والے 67 گانوں پر پابندی عائد کر دی ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو مجرمانہ ماحول سے بچانا اور معاشرتی تحفظ کو یقینی بنانا بتایا گیا ہے۔

 ڈی جی پی اجے سنگھل کے مطابق یہ کارروائی بڑی مہم کا حصہ ہے جس میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ایسے مواد کی نگرانی اور سخت اقدامات شامل ہیں۔ ڈی جی پی نے کہا کہ پولیس کا مقصد صرف جرائم روکنا نہیں بلکہ نوجوانوں کو مجرمانہ ماحول میں شامل ہونے سے بچانا بھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایسے مواد میں اکثر مجرموں کو رول ماڈل کے طور پر پیش کیا جاتا ہے جبکہ ان کے خاندانوں اور متاثرین کے دکھوں کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔

پولیس نے گانوں کے نام ظاہر نہیں کیے لیکن بتایا کہ یہ فیصلہ اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) اور سائبر کرائم یونٹ کی تحقیقات کے بعد کیا گیا۔ ڈی جی پی نے خبردار کیا کہ مزید سخت اقدامات بھی کیے جائیں گے اور کوئی بھی پلیٹ فارم ایسے مواد کی میزبانی نہیں کرے گا جو مجرمانہ رویے کو فروغ دیتا ہو۔

پولیس کا کہنا تھا کہ نوجوانوں پر ڈیجیٹل مواد کا بڑھتا ہوا اثر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ پولیس نے فنکاروں اور مواد بنانے والوں کو تشدد، ہتھیار یا گینگ کلچر کی تعریف کرنے والے مواد سے باز رہنے کی ہدایت دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نصیبو لعل کا گانا اونچی آواز میں چلانے پر رکشہ ڈرائیور کے خلاف مقدمہ، ’سزا کیا ہوگی‘

پولیس کے مطابق گینگسٹر سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو بھرتی کرنے کی کوشش کرتے ہیں اس لیے پولیس ان کی نگرانی بھی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو تعمیری اور قومی ترقی کے لیے استعمال کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp