پاکستان سپر لیگ 11 میں تاریخی اصلاحات، پلیئر ڈرافٹ کی جگہ پلیئر آکشن ماڈل متعارف

پیر 19 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ نے اپنے 11ویں ایڈیشن سے قبل اہم اور تاریخی فیصلوں کا اعلان کر دیا ہے، جو لیگ کی مسلسل ترقی، مسابقت اور جدت کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

ایک دہائی کی کامیابی کے بعد پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 میں روایتی پلیئر ڈرافٹ سسٹم کو ختم کرتے ہوئے پلیئر آکشن ماڈل متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس اسٹریٹجک تبدیلی کا مقصد ٹیموں کے درمیان مسابقتی توازن کو بہتر بنانا، شفافیت میں اضافہ کرنا اور کھلاڑیوں کو زیادہ بہتر مالی مواقع فراہم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان سپر لیگ سے قبل ’ملتان سلطانز‘ کی نیلامی کا فیصلہ

نظرثانی شدہ پلیئر حصول فریم ورک کے تحت ہر فرنچائز زیادہ سے زیادہ 4 کھلاڑی برقرار رکھ سکے گی، جبکہ ہر کیٹیگری سے صرف ایک کھلاڑی کو ریٹین کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس سے قبل فرنچائزز کو اپنی اسکواڈ سے 8 کھلاڑی برقرار رکھنے کی اجازت تھی، جن میں مینٹور، برانڈ ایمبیسیڈر اور رائٹ ٹو میچ آپشن شامل تھا، جس کے تحت 9ویں کھلاڑی کو بھی برقرار رکھا جا سکتا تھا۔ تاہم ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 میں مینٹور، برانڈ ایمبیسیڈر اور رائٹ ٹو میچ سے متعلق تمام قوانین ختم کر دیے گئے ہیں۔

نئی شامل ہونے والی ٹیموں کو پلیئر آکشن سے قبل دستیاب پلیئر پول میں سے 4 کھلاڑی منتخب کر کے برقرار رکھنے کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ہر فرنچائز کو یہ سہولت بھی حاصل ہوگی کہ وہ ایک ایسے غیر ملکی کھلاڑی کو براہِ راست سائن کر سکے، جو ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 میں شامل نہیں تھا، تاکہ ٹیمیں تازہ بین الاقوامی ٹیلنٹ کے ذریعے اپنے اسکواڈ کو مضبوط بنا سکیں۔

یہ بھی پڑھیے: پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کی نیلامی: 7ویں ٹیم حیدر آباد 175 کروڑ، 8ویں ٹیم سیالکوٹ 185 کروڑ روپے میں فروخت

لیگ کے کمرشل اور مسابقتی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ہر فرنچائز کا پلیئر سیلری پرس بڑھا کر 16 لاکھ امریکی ڈالر کر دیا گیا ہے، جو کھلاڑیوں کی کارکردگی کے اعتراف اور اعلیٰ معیار کے ملکی و غیر ملکی کرکٹرز کو متوجہ کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

یہ بھی پڑھیے: نیلامی سے چند لمحات قبل علی ترین کا پی ایس ایل فرنچائز نیلامی سے دستبرداری کا اعلان

یہ تمام ترقی پسند اقدامات ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے اس وژن کی عکاسی کرتے ہیں جس کا مقصد کرکٹ میں اعلیٰ معیار، شائقین کی بھرپور دلچسپی اور لیگ کو نئی بلندیوں تک پہنچانا ہے۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کا باقاعدہ آغاز 26 مارچ 2026 سے ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی فیصل آباد کو لیگ کے میچز کے لیے ایک اضافی وینیو کے طور پر شامل کر لیا گیا ہے، جو اس شہر کی دوبارہ کرکٹ کے منظرنامے میں واپسی اور لیگ کے قومی دائرہ کار میں مزید وسعت کی علامت ہے۔

پلیئر آکشن کے طریقہ کار، شیڈول اور آپریشنل گائیڈ لائنز سے متعلق مزید تفصیلات آئندہ دنوں میں جاری کی جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp