گیلپ ورلڈ پول کے سال 2025 کے سروے کے مطابق پاکستان میں طویل سیاسی اور معاشی بحران کے بعد عوامی رجحانات میں نمایاں بہتری کے آثار سامنے آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں سرکاری نوکریاں میرٹ پر نہیں ذاتی تعلقات پر دی جاتی ہیں: گیلپ سروے
سروے میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں عوامی اعتماد، معاشی امید اور مجموعی فلاح و بہبود میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔
سروے کے مطابق سنہ 2025 میں 31 فیصد پاکستانیوں نے بتایا کہ ان کے معیارِ زندگی میں بہتری آئی ہے جو سال 2023 میں صرف 15 فیصد تھا۔ اسی طرح 25 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ ان کے مقامی معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں، جو سنہ 2024 میں 12 فیصد کے مقابلے میں دگنا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
مزید پڑھیے: گیلپ سروے 2025: پاکستانی معیشت کی درست سمت میں پیشرفت کے واضح اشارے
گیلپ کے مطابق یہ مثبت رجحان ملک میں معاشی استحکام کے ساتھ سامنے آیا ہے۔ مہنگائی کی شرح مئی 2023 میں تقریباً 40 فیصد سے کم ہو کر 6 فیصد سے نیچے آ گئی، پاکستانی کرنسی میں بہتری آئی اور زرِمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سروے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عوام کی جانب سے قیادت پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
سنہ 2025 میں حکومتی قیادت کی منظوری کی شرح 36 فیصد تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ اور سنہ 2020 کے بعد بلند ترین سطح ہے اگرچہ مجموعی طور پر عدم اطمینان اب بھی موجود ہے۔
عوامی فلاح و بہبود کے اشاریوں میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں صدر، وزیراعظم اور چیف جسٹس کے نام کی شُہرت سے متعلق گیلپ سروے جاری
رپورٹ کے مطابق 25 فیصد بالغ افراد کو اب خوشحال کے زمرے میں رکھا گیا ہے جبکہ 19 فیصد افراد متاثرہ تصور کیے گئے۔ اس بہتری کے ساتھ پاکستان پہلی بار سنہ 2018 کے بعد جنوبی ایشیا کی اوسط سے بہتر سطح پر آ گیا ہے جو مجموعی طور پر بڑھتی ہوئی امید اور سماجی استحکام کی علامت ہے۔
سروے میں بدعنوانی سے متعلق عوامی تاثر میں بھی کمی کی نشاندہی کی گئی ہے جو حکمرانی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے بیانیے کو تقویت دے سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق معاشی استحکام سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے اور پائیدار ترقی میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے جبکہ بہتر معاشی رجحان اندرونی کھپت اور مارکیٹ کے اعتماد کو فروغ دے گا۔ اسی طرح قیادت پر بڑھتا ہوا اعتماد اصلاحاتی اقدامات کے لیے سیاسی گنجائش پیدا کر سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: گیلپ سروے: 90 فیصد کاروباری اداروں کا معاشی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار
گیلپ سروے کے نتائج مجموعی طور پر اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پاکستان میں معاشی اور سماجی سطح پر بتدریج بحالی کا عمل شروع ہو چکا ہے اور عوامی سطح پر مستقبل کے حوالے سے امید میں اضافہ ہو رہا ہے۔














