بکنگھم پیلس نے شاہ چارلس سوئم کے چھوٹے بھائی اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونڈسر کی پولیس تحویل سے رہائی کے بعد پہلا باضابطہ ردعمل جاری کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جیفری ایپسٹین کو حساس معلومات دینے کا شبہ، شاہ چارلس کے چھوٹے بھائی گرفتار
برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ اینڈریو کو تھیمز ویلی پولیس نے سرکاری عہدے کے مبینہ غلط استعمال کے شبہے میں گرفتار کیا تھا، تاہم تقریباً 11 گھنٹے کی تفتیش کے بعد انہیں پولیس اسٹیشن سے رہا کردیا گیا۔
گرفتاری کے بعد بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری بیان میں کنگ چارلس سوئم نے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس کی مکمل اور منصفانہ تحقیقات متعلقہ اداروں کی جانب سے کی جائیں گی اور شاہی خاندان قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کو اپنا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔

دوسری جانب اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونڈسر کی رہائی سے چند گھنٹے قبل کنگ چارلس سوئم نے لندن فیشن ویک 2026 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے برطانوی فیشن سے متعلق مختلف نمائشوں کا دورہ کیا اور ڈیزائنرز سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: جیفری ایپسٹین کو خفیہ دستاویزات دینے کا الزام، سابق پرنس اینڈریو کی ’زیرِ تفتیش‘ رہائی
واضح رہے کہ اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونڈسر سے اس سے قبل بھی ان کے بطور تجارتی نمائندہ کردار اور بدنام زمانہ مجرم جیفری ایپسٹین سے مبینہ روابط کے حوالے سے تحقیقات کی جا چکی ہیں، جبکہ گزشتہ سال ان سے شاہی اعزازات اور سرکاری ذمہ داریاں بھی واپس لے لی گئی تھیں۔












