پنجاب اسمبلی کے ایجنڈے کے مطابق آج رول 110 کے تحت پنجاب فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل 2025 واپس لیا جائے گا۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسودہ قانون میں اصلاحات کے بعد اسے دوبارہ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں فلم انڈسٹری کے فروغ کے لیے ’پنجاب فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی‘ کے قیام کا بل پیش
ذرائع کے مطابق حکومتِ پنجاب نے فلم انڈسٹری کے فروغ کے لیے پنجاب فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا تھا اور پنجاب فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2025 گزشتہ دسمبر میں اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا۔ تاہم بل میں تکنیکی اور قانونی خامیوں کے باعث اسے واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مجوزہ اتھارٹی کے تحت فلم، ڈراما اور دستاویزی فلم سازی کی سرپرستی کی جانی تھی جبکہ نئی فلم پالیسی، قواعد و ضوابط اور لائسنسنگ کا جامع نظام متعارف کرانے کی تجویز بھی شامل تھی۔ فلم سازوں کو ون ونڈو آپریشن اور مختلف اجازت ناموں کے حصول میں سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ بھی اس بل کا حصہ تھا۔
بل میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی مراعات، فلم اسٹوڈیوز اور فلم سٹی کے قیام، جدید پوسٹ پروڈکشن سہولیات کی فراہمی اور نئے ٹیلنٹ کی تربیت کے لیے ٹریننگ پروگرامز شروع کرنے کی تجاویز بھی شامل تھیں۔
مزید پڑھیں:مریم نواز کا واہگہ بارڈر کا دورہ، آزادی کی تاریخ اجاگر کرنے والے منصوبوں کا افتتاح
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بل پر دوبارہ کام کرکے نیا اور بہتر فلم ڈویلپمنٹ بل متعارف کرایا جائے گا تاکہ صوبے میں فلمی صنعت کو مؤثر اور پائیدار بنیادوں پر فروغ دیا جا سکے۔













