تھانہ شالیمار اسلام آباد کی حدود میں پولیس ٹیم پر افغانی راہزن گینگ کے ارکان کی فائرنگ سے 2 گرفتار ملزمان زخمی ہو گئے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان ملیار اور عادل سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اور موبائل چھیننے کے متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس ٹیم انہیں مال مسروقہ کی برآمدگی کے لیے لے جارہی تھی کہ راستے میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 دیگر ملزمان نے ساتھیوں کو چھڑانے کے لیے سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس افسران حفاظتی اقدامات اور بلٹ پروف جیکٹ پہننے کی وجہ سے محفوظ رہے، تاہم گرفتار ملزمان زخمی ہو گئے اور انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے زخمی ملزمان سے چھینے گئے قیمتی موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کر لیے ہیں۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان غیر ملکی شہری ہیں اور متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ پولیس ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔












