’اب میرا بیٹا بڑا ہوگیا ہے‘، شعیب ملک نے نجی زندگی میں مداخلت کرنے والوں کو وارننگ دیدی

ہفتہ 28 فروری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شعیب ملک نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی اور ان کے اہل خانہ کی ذاتی زندگی کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے سے گریز کریں ورنہ ایسے افراد کے خلاف وہ قانونی کارروائی کریں گے۔

سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں شعیب ملک نے کہاکہ ان کی پہلی شادی 2023 کے آغاز میں باہمی رضا مندی سے ختم ہوئی تھی اور اس کے بعد وہ اپنے بچے کی مشترکہ پرورش کے لیے تیار ہوئے۔ اس کے بعد ہی انہوں نے دوسری شادی کی۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Shoaib Malik (@realshoaibmalik)

انہوں نے کہاکہ انہوں نے ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو نجی رکھنے کی کوشش کی، لیکن ان کی خاموشی کو بعض لوگ غلط طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

شعیب ملک نے کہاکہ دوسری شادی کے بعد بعض افراد نے ان سے کبھی نہ ملنے والے لوگوں کے ساتھ ان کا نام جوڑ کر ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اور ان کے اہل خانہ کو بھی بے بنیاد تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جو ناقابل قبول ہے۔

شعیب ملک نے واضح کیا کہ ان کا بیٹا اب اس عمر میں پہنچ چکا ہے جب وہ ان جعلی خبروں کو پڑھ سکتا ہے، اور یہ جھوٹے الزامات ان کے قریبی لوگوں کے لیے تکلیف دہ ہیں۔

انہوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ کسی کی بھی ذاتی زندگی کے بارے میں افواہیں نہ پھیلائیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ ایک عوامی شخصیت ہونے کے ناطے تنقید کے لیے وہ تیار ہیں، لیکن پرائیویسی کی خلاف ورزی اور ساکھ کو نقصان پہنچانا حد سے تجاوز ہے۔

شعیب ملک نے خبردار کیا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ان کی ٹیم قانونی کارروائی کرے گی۔

شعیب ملک نے پیغام دیا کہ زندگی صرف چند لائکس اور ویوز کے لیے نہیں ہے، ہر کسی کا اپنا خاندان ہے اور سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp