وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج امت مسلمہ، ایران اور پاکستان کے عوام کے لیے ایک سوگوار دن ہے۔
مزید پڑھیں: ایران پر حملے، جذباتی ردعمل کے بجائے دانشمندانہ طرز عمل کی ضرورت
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد پاکستان کا ہر شہری ایران کے عوام کی طرح غمزدہ ہے اور دکھ کا اظہار کر رہا ہے۔
محسن نقوی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون ہاتھ میں نہ لیں اور اپنے احتجاج کو پرامن طریقے سے ریکارڈ کرائیں، کیونکہ ہم سب اس وقت ایران کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر پاکستان کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا جا رہا ہے، اور امریکا و اسرائیل کے خلاف مظاہرے نعرے بازی کی جارہی ہے۔
ایران پر حالیہ حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس وقت جذباتی ردعمل کے بجائے دانشمندانہ طرزِ عمل کی ضرورت ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے سفارتی، اخلاقی اور سیاسی سطح پر ایران کی بھرپور حمایت کی ہے اور اقوام متحدہ میں بھی واضح طور پر حملے کی مذمت کی ہے۔
عالمی سطح پر مؤثر سفارت کاری جاری ہے، لہٰذا داخلی طور پر غیر ضروری شدت پسندی یا اشتعال انگیزی پاکستان کے مفاد میں نہیں۔
مزید پڑھیں: ایران پر حملے افسوسناک، پاکستان کے اندر احتجاج کو شدت میں بدلنا دشمن کو فائدہ پہنچائے گا، خواجہ آصف
مزید کہا گیا کہ اگر احتجاج شدت اختیار کر جائے، سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچے یا قانون کو ہاتھ میں لیا جائے تو اس سے صرف دشمن عناصر کو فائدہ ہوگا۔












