حج آپریشن 2026، پاکستان سے پہلی پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی

پیر 2 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سے حج پروازوں کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق پہلی حج پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت 468 پروازوں کے ذریعے عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔ 18 اپریل کو کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے پروازیں روانہ ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: حج 2026: مثالی انتظامات یقینی بنائے جائیں، عازمین کی تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل

عازمین کو آئندہ ہفتے ان کی متعلقہ پروازوں کے بارے میں آگاہ کر دیا جائے گا۔ سرکاری اسکیم کے تحت کل 1 لاکھ 19 ہزار عازمین کو بھیجا جائے گا۔ حج آپریشن کے پہلے روز چار پروازوں کے ذریعے عازمین کو مدینہ منورہ بھیجا جائے گا، جبکہ جدہ کے لیے پروازوں کا آغاز 4 مئی سے ہوگا۔ پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی۔

 عازمین کو حجاز مقدس پہنچانے کا آپریشن 34 روز تک جاری رہے گا۔ حج پروازوں کے پہلے 15 دنوں میں عازمین کو مدینہ منورہ بھیجا جائے گا۔ مدینہ کے لیے 186 اور جدہ کے لیے 282 پروازیں چلائی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: حج 2026 کی تیاریوں کا آغاز، پاکستان میں لازمی تربیتی پروگرام کا پہلا مرحلہ شروع

پاکستان کے 8 شہروں سے حج پروازیں روانہ ہوں گی، جن میں اسلام آباد سے 129، کراچی سے 124، لاہور سے 104، کوئٹہ سے 18، ملتان سے 34، سیالکوٹ سے 26، فیصل آباد سے 23 اور سکھر سے 5 پروازیں شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp