مقبول پیغام رسانی ایپ واٹس ایپ جلد ایک نیا اختیاری سبسکرپشن پلان متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے جسے ‘واٹس ایپ پلس’ کہا جا سکتا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کو اضافی فیچرز اور ایپ کی مزید کسٹمائزیشن کی سہولت دی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق یہ فیچر اس وقت اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے بیٹا ورژن میں زیرِ تیاری ہے اور ابھی عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں۔ سبسکرپشن کے باوجود ایپ کی بنیادی سہولیات جیسے پیغامات بھیجنا، وائس اور ویڈیو کالز، میڈیا شیئرنگ اور پرائیویسی فیچرز بدستور مفت رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: واٹس ایپ ہیکنگ کے بڑھتے واقعات، پی ٹی اے نے عوامی آگاہی کے لیے معلوماتی ویڈیو جاری کردی
رپورٹ کے مطابق ‘واٹس ایپ پلس’ کا مقصد صارفین کو زیادہ سہولت اور ایپ کی ظاہری شکل میں تبدیلی کے اختیارات فراہم کرنا ہے۔ اس سبسکرپشن کے تحت اہم فیچر چیٹس کو پن کرنے کی حد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ فی الحال صارفین زیادہ سے زیادہ 3 چیٹس پن کر سکتے ہیں، تاہم نئے پلان میں اس حد کو بڑھا کر تقریباً 20 چیٹس تک کیا جا سکتا ہے تاکہ اہم گفتگو آسانی سے اوپر رکھی جا سکے۔
اس کے علاوہ سبسکرائبرز کو ایپ کے انٹرفیس میں تبدیلی کے مزید اختیارات بھی مل سکتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق صارفین 14 مختلف ایپ آئیکنز میں سے انتخاب کر سکیں گے جبکہ انٹرفیس کے رنگ بھی تقریباً 19 مختلف آپشنز میں تبدیل کیے جا سکیں گے، جس سے ٹیبز، فلٹرز اور ایکشن بٹن جیسے عناصر کا رنگ بھی تبدیل ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: واٹس ایپ کا صارفین کی سیکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لیے نیا پاس ورڈ فیچر متعارف کرانے کا فیصلہ
تاہم کمپنی نے ابھی تک اس سبسکرپشن کی قیمت یا باضابطہ آغاز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا اور امکان ہے کہ عوام کے لیے متعارف ہونے سے قبل ان فیچرز میں مزید تبدیلیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔












