بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے سینئر رہنما مرزا فخر الاسلام عالمگیر نے کہا ہے کہ عوامی لیگ کی سیاسی سرگرمیوں پر عائد پابندی برقرار رہے گی اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔
بدھ کی رات دارالحکومت ڈھاکا میں جماعت کے قائد طارق رحمان کے گلشن آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی لیگ پہلے ہی پابندی کا سامنا کر رہی ہے اور اس کی سرگرمیاں معطل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش: عوامی لیگ بتدریج سیاسی واپسی کے اشارے دینے لگی، مقامی دفاتر دوبارہ فعال
ان کا کہنا تھا کہ عوامی لیگ کی سیاسی سرگرمیاں روکی جا چکی ہیں اور آئندہ بھی بند رہیں گی، جبکہ دیگر سیاسی جماعتیں معمول کے مطابق اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مرزا فخر الاسلام عالمگیر نے کہا کہ عوامی لیگ کے بعض رہنماؤں کی جانب سے وقتاً فوقتاً عوامی سطح پر ظاہر ہونے کی کوششوں کو زیادہ اہمیت نہیں دی جانی چاہیے اور جمہوری عمل کو فطری انداز میں آگے بڑھنے دینا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی بنگلہ دیش کا عوامی لیگ رہنماؤں کی ضمانت اور دفاتر کھولنے پر تشویش کا اظہار
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بنگلہ دیش کے عوام پہلے ہی عوامی لیگ کو مسترد کر چکے ہیں اور جماعت سیاسی طور پر متحرک رہنے کی کوشش کے باوجود عوامی حمایت حاصل نہیں کر پا رہی۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بنگلہ دیش میں عوامی لیگ کی سیاسی سرگرمیوں اور اس پر عائد پابندیوں کے حوالے سے سیاسی کشیدگی اور بحث جاری ہے۔












