چیئرمین وحدت علماء پاکستان علامہ الحاج السید زاہد عباس کاظمی نے کہا ہے کہ پاکستان کو کسی جانب سے بھی خطرہ درپیش ہوا تو ہم اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ لڑیں گے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے اپنے ویڈیو بیان میں علامہ زاہد عباس کاظمی کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل نے امریکی واسرائیلی جارحیت کی پرزور مذمت بھی کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں علما سے ملکی اور غیر ملکی حالات کے تناظر میں کھل کر بات کرتے ہوئے آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پرایرانی بھائیوں سے گہرے رنج و غم کا اظہارکیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کی اہلِ تشیع مکتبِ فکر کے علمائے کرام سے ملاقات، اتحاد، برداشت اور ہم آہنگی پر زور
انہوں نے فیلڈ مارشل کی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں بڑے بھائی کی طرح سمجھتے تھے، وہ کہتے تھے کہ آپ بھی اولا د رسول ہیں اور ہم بھی اولاد رسول ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ آپ احتجاج ضرور کریں لیکن ایسے احتجاج سے اجتناب کریں جس سے پاکستان کا نقصان ہو اور شرارتی لوگ اس وطن سے باہر چلے جائیں۔
‘انہوں نے ہمارے ساتھ نماز بھی پڑھی اور کھانا بھی کھایا۔’
مزید پڑھیں: علامہ ناظر عباس تقوی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے خلاف پراپیگنڈا بے نقاب کردیا
علامہ زاہد عباس کاظمی کے مطابق پروگرام کے خاتمہ کے بعد علما نے اپنے اپنے بیانات دیئے، اسی ضمن میں انہوں نے بھی اپنی رائے دی۔
ان کا موقف تھا کہ وہ آج بھی اپنی بات پر قائم ہیں کہ پاکستان کو کسی جانب سے بھی خطرہ درپیش ہوا تو ہم وطن عزیز کا دفاع کریں گے، ہم اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
‘ ہم اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ لڑیں گے، یہ ایک امت ہے، پاکستان شیعہ سنی نے مل کر بنایا تھا اور ہم مل کر ہی اس کا دفاع کریں گے۔’














