دنیا بھر میں ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں عالمی معیشت اور سماجی شعبوں پر بھی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کیا تیل کی قیمت 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے؟
ایسے حالات میں ماہرین نے ڈرائیورز کے لیے چند سادہ اور مؤثر تجاویز پیش کی ہیں جن کے ذریعے ایندھن کو زیادہ دیر تک استعمال کیا جا سکتا ہے۔
رفتار کم رکھیں
گاڑیوں کی قیمتوں اور مارکیٹ ویلیو کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے معروف امریکی ادارے کیلی بلیو بک کے ڈائریکٹر شون ٹاکر کا کہنا ہے کہ گاڑی کو زیادہ تیز چلانے کی بجائے کم رفتار پر یا کروز کنٹرول کے ذریعے چلائیں۔
ہائی وے پر تقریباً 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار بہترین سمجھی جاتی ہے کیونکہ آج کل کی گاڑیاں اس رفتار پر زیادہ ایندھن بچاتی ہیں۔
بعض اندازوں کے مطابق رفتار کم کرنے سے ایندھن کی بچت میں 14 فیصد تک اضافہ ممکن ہے۔
مزید پڑھیے: امریکا و ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے اسلام آباد میں مذاکرات کا امکان
ٹریفک سگنلز کے قریب آہستہ چلنا بھی کارآمد ہے چاہے سگنل سرخ ہو یا سبز۔
رکنے کے دوران انجن بند کریں
ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ گاڑی میں موجود آٹو اسٹارٹ/اسٹاپ فیچر استعمال کریں جو ٹریفک جام یا انتظار کے دوران انجن کو خودکار طور پر بند کر دیتا ہے اور ایکسیلیریٹر دبانے پر دوبارہ چالو ہو جاتا ہے۔
آٹو ماہر ڈیوڈ بینیٹ کے مطابق اگر گاڑی میں یہ فیچر موجود ہے تو اسے بند نہ کریں۔
غیر ضروری وزن کم کریں
گاڑی میں اضافی وزن یا چھت پر کیریئر اور سائیکل اسٹینڈ رکھنے سے ہوا کے خلاف مزاحمت بڑھتی ہے جس کی وجہ سے ایندھن زیادہ استعمال ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اضافی سامان کم کرنا مؤثر ہے۔
ٹائروں کا پریشر چیک کریں
ٹائر کا دباؤ ہمیشہ گاڑی کے مینول کے مطابق رکھیں اور فیول ڈلوانے کے ساتھ اسے چیک کرنا بہتر ہے۔
کم پریشر والے ٹائر زیادہ رگڑ پیدا کرتے ہیں جبکہ درست پریشر پر گاڑی ہمواری سے چلتی ہے اور ایندھن کم خرچ ہوتا ہے۔
ایک اندازے کے مطابق یہ طریقہ ایندھن کی بچت میں تقریباً 10 فیصد تک مددگار ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: ایندھن کی بچت پر اہم اجلاس، وزیراعظم کی جامع لائحہ عمل بنانے کی ہدایت
چھوٹے ورکشاپ اقدامات، جیسے ایئر فلٹر یا آکسیجن سینسر کی تبدیلی بھی انجن کی کارکردگی بہتر کر کے ایندھن کی بچت میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
کار شیئرنگ اپنائیں
ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ روزمرہ کے سفر دوسروں کے ساتھ شیئر کریں اور اپنی نقل و حرکت کو بہتر طریقے سے منصوبہ بندی کریں تاکہ غیر ضروری سفر کم ہو۔
مناسب ایندھن کا انتخاب کریں
ہر گاڑی کو اعلیٰ معیار کے پریمیم فیول کی ضرورت نہیں ہوتی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف اسی صورت میں مہنگا فیول استعمال کریں جب گاڑی کے مینول میں اسے تجویز کیا گیا ہو۔
یہ بھی پڑھیے: سرکاری گاڑیوں کے ایندھن سے 50 فیصد کٹوتی، کابینہ ارکان کی تنخواہ بند، وزیراعظم کا کفایت شعاری منصوبے کا اعلان
وہ کہتے ہیں کہ عام یا سستے پٹرول پر بھی گاڑی بہتر کارکردگی دے سکتی ہے اس لیے بلاضرورت مہنگا ایندھن استعمال کرنے سے گریز کرنا ہی بہتر ہے۔
مہنگائی اور عالمی تنازعات کے اس دور میں ایندھن کی بچت نہ صرف مالی بچت کا باعث بنتی ہے بلکہ ماحول کی حفاظت میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق رفتار کم رکھنا، انجن کو رکنے پر بند کرنا، ٹائروں کا درست پریشر اور غیر ضروری وزن کم کرنا چند سادہ اقدامات ہیں جو روزمرہ کی ڈرائیونگ میں بڑی بچت فراہم کر سکتے ہیں۔
چھوٹے چھوٹے احتیاطی اقدامات جیسے کار شیئرنگ کرنا یا مناسب فیول کا انتخاب، نہ صرف ایندھن کی کھپت کم کرتے ہیں بلکہ آپ کی گاڑی کی عمر بھی بڑھاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: سندھ کابینہ کا کفایت شعاری اور ایندھن بچت پلان منظور، معاشی دباؤ کے پیش نظر اہم فیصلے
اس طرح ڈرائیورز مہنگائی کے دباؤ کو کم کر کے زیادہ ذمہ دارانہ اور موثر ڈرائیونگ بھی کر سکتے ہیں۔














