وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے اور حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق فیصلے صوبوں کے ساتھ مشاورت سے کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیزل و پیٹرول کی فی لیٹر قیمتوں میں بالترتیب 184 روپے 49 پیسے اور 137 روپے 23 پیسے اضافہ
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے کہ موجودہ صورتحال کا کوئی فریق غیر معمولی فائدہ نہ اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیوی کی مجموعی وصولی میں کوئی خاص فرق نہیں آیا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ آئل ریفائنریز کا نظام پیچیدہ ہے اور اسے سادہ انداز میں نہیں دیکھا جا سکتا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ سبسڈی کے اثرات اکثر غریب طبقے تک مؤثر انداز میں نہیں پہنچ پاتے۔
مزید پڑھیے: آئی ایم ایف کا پیٹرولیم لیوی میں نرمی سے انکار، حکومت کا عوامی ریلیف کے لیے دوبارہ مذاکرات کا فیصلہ
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کو آئی ایم ایف اور دیگر عالمی اداروں کے ساتھ معاملات شفاف رکھنے ہیں جبکہ وزیر خزانہ ان اداروں کو ملکی صورتحال سے آگاہ کریں گے۔













