معروف بھارتی اداکار عامر خان نے اپنی ذاتی زندگی کے ایک مشکل دور کے بارے میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پہلی اہلیہ رینا دتہ سے علیحدگی ان کے لیے شدید ذہنی اور جذباتی صدمہ تھی جس کے بعد وہ تقریباً ڈیڑھ سال تک شراب نوشی کے عادی رہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں عامر خان نے کہا کہ وہ شادی اور خاندانی زندگی سے قبل شراب نوشی نہیں کرتے تھے تاہم رینا دتہ کے بچوں سمیت گھر چھوڑ جانے کے بعد وہ شدید تنہائی اور جذباتی دباؤ کا شکار ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: میں پہلے ہی گوری کے ساتھ شادی شدہ ہوں، عامر خان کا اعتراف
ان کے مطابق ’جس دن رینا بچوں کے ساتھ گھر چھوڑ کر گئیں میں اکیلا رہ گیا اور اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکا۔ اس رات گھر میں شراب موجود تھی جو مہمانوں کے لیے رکھی گئی تھی میں نے وہیں سے پینا شروع کیا اور پھر تقریباً ڈیڑھ سال تک روزانہ ایک بوتل کے قریب شراب پیتا رہا‘۔
عامر خان نے مزید کہا کہ یہ ان کی زندگی کا انتہائی مشکل دور تھا کیونکہ وہ ایک غیر شراب نوش شخص سے تبدیل ہو کر باقاعدہ شراب نوشی کرنے لگے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: عامر خان خود کو دیکھ کر ہنس پڑے، سنیل گروور کی پرفیکٹ نقل پر اداکار تالیاں بجاتے رہ گئے
اس سے قبل بھی ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنی طلاق کو جذباتی طور پر تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ علیحدگی کے باوجود ان کے اور رینا دتہ کے درمیان احترام اور محبت برقرار رہی۔
یاد رہے کہ عامر خان اور رینا دتہ کی شادی 1986 میں ہوئی تھی، جبکہ دونوں 2002 میں علیحدہ ہوگئے۔ ان کے دو بچے ہیں۔ بعد ازاں عامر خان نے 2005 میں ہدایتکارہ کرن راؤ سے شادی کی تاہم 2021 میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔ دونوں اپنے بیٹے آزاد کی مشترکہ پرورش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’مجھے اکیلا چھوڑ دو‘، بھارتی اداکار عامر خان کی گرل فرینڈ میڈیا پر برہم
گزشتہ سال اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر عامر خان نے اپنی نئی ساتھی گوری سپرٹ کو میڈیا سے متعارف کروایا تھا جس کے بعد وہ مختلف تقریبات میں ان کے ہمراہ نظر آتے رہے ہیں۔














