وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا دورہ عراق؛ اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

پیر 5 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے عراق کے ساتھ باہمی دو طرفہ ثقافتی تعاون بڑھانے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ کے حامل حکام کے لیے ویزوں کے خاتمے کی پالیسی پر بھی اتفاق رائے کیا گیا ہے۔

وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو نے اپنے عراقی ہم منصب سے باضابطہ ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی زائرین کی بہت بڑی تعداد ہر سال عراق آتی ہے، امید ہے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون مزید فروغ پائے گا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور عراق کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان اور عراق نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ انہوں نے عراق کے دورے پر خوشی کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے عراقی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد اپنے ایک ٹوئیٹ میں بتایا ہے کہ ان کی اپنے عراقی ہم منصب سے مختلف دو طرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔

بلاول بھٹو نے حکومت عراق کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا ہے پاکستان نے عراق کے ساتھ اہم مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کرنے سمیت دوطرفہ تعاون کے ضمن میں امکانات کے در وا کرنے کا بھی اعادہ کیا ہے۔

قبل ازیں عراقی  نائب  وزیر  اعظم  اور وزیر  خارجہ ڈاکٹر  فواد  حسین  کی دعوت پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری تین روزہ سرکاری دورے پر آج بغداد پہنچے، جہاں عراقی نائب وزیر خارجہ محمد حسین بحر العلوم، عراق میں تعینات پاکستانی سفیر احمد امجد علی اور سفارتخانے کے اہل کاروں نے استقبال کیا۔

اپنے دورے کے دوران عراق کی سیاسی قیادت سے ملاقاتوں سمیت  وزیر خارجہ بلاول بھٹو نجف اشرف میں نئے پاکستانی سفارت خانے  کا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ زیارات پر بھی جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp